پوٹھوار میں پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کا فروغ وقت کی ضرورت ہے ،سجاد حیدر

خطہ پوٹھوار کے کاشتکار سبزیوں کی موسمی اور بے موسمی کاشت سے زیادہ منافع کما سکتے ہیں

بدھ 21 مارچ 2018 21:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)ڈائریکٹر محکمہ زراعت (توسیع) پنجاب راولپنڈی ڈویژن سجاد حیدر نے کہا ہے کہ پوٹھوار کے کاشتکار روایتی فصلوں کو چھوڑ کر پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کو فروغ دیں۔ یہ بات انہوں نے فروٹ اینڈ ویجیٹیبل پراجیکٹ راولپنڈی ڈویژن کے زیر اہتمام زرعی سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سمینار کا مقصد کاشتکاروں کو پھلوں اور سبزیوں کی کاشت بڑھانے کی ترغیب دینا تھا ۔

سجاد حیدر نے بتایا کہ محکمہ زراعت پنجاب کی کوششوں سے پوٹھوار میں پھلوں اور سبزیوں کی کاشت کو فروغ مل رہا ہے ۔ پوٹھوہار میں انگور، آڑو، زیتون، اور مالٹے کے متعدد باغات لگ چکے ہیں۔اِس علاقے میں ٹنل کے زریعے سبزیوں کی کاشت کو فروغ دینا چاہیے تاکہ کاشتکار زیادہ زر مبادلہ حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل راولپنڈی ڈویژن لبنیٰ نے بتایا کہ محکمہ زراعت پنجاب ٹنل فارمنگ کیلئے 50فیصد سبسڈی دے رہا ہے۔

کاشتکاروں کو ٹنل فارمنگ کرنی چاہیے کیونکہ اس کے ذریعے کم رقبے سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خطہ پوٹھوار کو زیتون کی وادی بنانے کیلئے کا م ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے اور کاشتکاروں میں زیتون کے پودے مفت تقسیم کیے جار ہے ہیں ۔ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فروٹ اینڈ ویجیٹیبل راولپنڈی ڈاکٹر عارف محمود نے کہا کہ خطہ پوٹھوار کے کاشتکار سبزیوں کی موسمی اور بے موسمی کاشت سے اچھا منافع کما سکتے ہیں۔