درخت زمین کا زیور ہیں، جنگلات انسانی زندگی اورجنگلی حیات کی بقاء کیلئے ضروری ہیں، اطہر شاہ کھگا

بدھ 21 مارچ 2018 21:56

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) کنزرویٹر آف فارسٹ راولپنڈی نارتھ سرکل اطہر شاہ کھگا نے جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر زیادہ سے زیادہ شجر کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ درخت زمین کا زیور ہیں، درختوں کی حفاظت کرکے ہم ملک کو جنت نظیر بناسکتے ہیں، جنگلات انسانی زندگی کے لئے اورجنگلی جانوروں کی بقاء کے لئے ضروری ہیں، جنگلات کسی جگہ کی آب وہوا کو تبدیل کرنے میں بھی اہم کردار اداکرتے ہیں اور انسانوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچاتے ہیں ۔

اطہر شاہ کھگا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ جنگلات کی اہمیت و افادیت کے پیش نظر محکمہ جنگلات پنجاب اپنا کردار بخوبی ادا کر رہاہے اور فارسٹ راولپنڈی نارتھ سرکل نے بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران فروری تک 2لاکھ درخت لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے جبکہ یہ شجر کاری مہم جون تک جاری رہے گی جس کے دوران مزید پودے بھی لگائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںںنے کہاکہ درخت سرسبز پاکستان میں بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔

ہر سال محکمہ جنگلات کی طرف سے پودے لگانے کی مہم زور وشور سے شروع کی جاتی ہے اور اس سلسلے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دی جاتی ہے۔ اطہر شاہ کھگا فاریسٹ راولپنڈی نارتھ سرکل بہاریہ شجرکاری مہم 2018کے دوران راولپنڈی میں 17لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا تھا جس کے دوران فروری تک 2لاکھ درخت لگائے گئے ۔کنزرویٹر فاریسٹ راولپنڈی نارتھ سرکل اطہر شاہ کھگا نے بتایاکہ محکمہ جنگلات راولپنڈی نے شجر کاری مہم کے آغاز کے ساتھ ہی راولپنڈی ،اٹک ،گوجر خان ،کہوٹہ مری سمیت دیگر سرکاری جنگلات میں پودے لگانے کا عمل شروع کر دیا تھا ۔

انہوں نے بتایاکہ بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران مختلف اقسام کے پودے سرکاری جنگلات ،محکمہ دفاع ،نجی زمینوں اور سکولوں میں لگائے جائیں گے۔انہوں نے بتایاکہ بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران نارتھ ڈویژن بشمول مری ،اٹک ،کوٹلی ستیاں ،پنجاڑ ،کروڑ ،کلر سیداں ، کہوٹہ جبکہ سائوتھ سرکل گوجر خان ،ٹیکسلا اور راولپنڈی کے جنگلات میں پھلدار ،پھول دار ،سایہ دار اور جنگلی پودوں کے علاوہ چیڑھ کے پودے بھی لگائے جائیں گے۔

انہوںنے بتایاکہ بہاریہ شجر کاری مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے ہدف کے حصول کے لیے متعلقہ ڈویژنل فارسٹ آفیسرز اور دیگر حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے علاقہ جات میں شجرکاری مہم کے اہداف کے بروقت حصول کے لیے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں۔ اطہر شاہ کھگا نے بتایاکہ بہاریہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جارہے ہیں جن کے تحت سرکاری نرسریوں سے پودوں کی فراہمی بھی جاری ہے جبکہ محکمہ جنگلات راولپنڈی کی تمام سرکاری نرسریوں کو سیل پوائنٹ کا درجہ دیتے ہوئے ان نرسریوں سے مختلف اقسام کے پودوں کی ارزاں نرخوں پر فراہمی بھی کی جا رہی ہے ۔

موسم بہار شجر کاری مہم 2017 کے دوران صوبہ پنجاب میں12 ملین پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا ۔محکمہ جنگلات پنجاب کے جاری ایکشن پلان کے تحت محکمہ جنگلات کے زیر انتظام زمینو ںپر 5.85 ملین ،دفاعی ادارہ جات کی زمینوں پر 0.71 ملین ، دیگرمحکمہ جات2.22 ملین جبکہ نجی زمینوں پر 3.22 ملین پودے لگا نے کے اہداف مقرر کیئے گئے تھے ۔ مالی سال2017-18 کے دوران محکمہ جنگلات ترقیاتی و غیر ترقیاتی بجٹ کے تحت10600 ایکڑ رقبہ پر ذخیرہ کی صورت میںاورسڑکوں کے کنارے 610 ایونیومیل پر شجر کاری کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ 45.58ملین نئے تھیلی دار پودے تیار کرنے کے لیے 156 ایکڑ رقبہ پر قلمات کی نرسری لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا ۔

ان اہداف کو حالیہ موسم بہار کی شجر کاری مہم (15فروری تا 30جون )تک حاصل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔