گورنر سندھ محمد زبیر سے پاکستان جرنلسٹ ٹرسٹ کے وفد کی ملاقات

آزادی صحافت ، صحافیوں کی فلاح و بہبو د ، تحفظ اور معلومات تک رسائی کے حکومتی اقدامات سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال پاکستانی صحافی فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کررہے ہیں جو کہ خوش آئند اور روشن مستقبل کی نوید ہے، گورنر سندھ

بدھ 21 مارچ 2018 20:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے پاکستان جرنلسٹ ویلفیئر ٹرسٹ کے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد کی سربراہی مرکزی صد ر ملک شاہد جاوید کررہے تھے جبکہ وفد میں راجہ نسیم اکبر ، حافظ عاشق پھلپھوٹو ، مکیش روپتا، بشیر احمد لغاری اور الیاس جمیل کمبوہ شامل تھے۔ملاقات میں پاکستان میں آزادی صحافت ، صحافیوں کی فلاح و بہبو د ، تحفظ اور معلومات تک رسائی کے لئے حکومتی اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت پرنٹ اور الیکٹرک میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور دیگر کا رکنان کی کفالت کے لئے ہر ممکن اقدامات بروئے کا ر لارہی ہے ، صحافت کے پھلنے پھولنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اٹھائے گئے اقدامات اہم ثابت ہورہے ہیں ، صحافت کسی بھی مہذب معاشرہ میں برائیوں کے خاتمہ اور سرکاری عمال کی جانب سے اختیارات کے غلط استعمال کی روک تھام میں معاون ثابت ہوتی ہے جس سے عوام کے مسائل کے حل اور ترقیاتی فنڈ ز کے منصفانہ استعمال میں مدد ملتی ہے ، پاکستانی صحافی فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں بھی کلیدی کردار ادا کررہے ہیں جو کہ خوش آئند اور روشن مستقبل کی نوید ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پر امن پاکستان خوشحالی کی سمت گامزن ہو چکا ہے ، امن و امان کے قیام سے غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، پاکستان کے حقیقی تاثر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے ، صحافت سے وابستہ افراد کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے کے لئے غیر ملکی صحافی دوستوں سے مددحاصل کریں ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میڈیا کا دور ہے جہاں عوام کو ان کے گھر میں دنیا بھر سمیت ملک میں رونما ہونے والی تبدیلیوں اور مستقبل کے بارے میں آگاہی حاصل ہورہی ہے حکومت کے اچھے کاموں کی تشہیر سے عوام کاحکومت پر اعتماد بڑھا ہے ، صحافیوں کو چاہئے کہ وہ جہاں حکومت کے اقدامات پر تنقید کرتے ہیں جو کہ ان کا حق بھی ہے وہیں وہ حکومت کے اچھے کاموں کی تشہیر کے لئے بھی غیر جانبدارانہ صحافتی ذمہ داریوں کا ادائیگی فرض بھی ادا کریں ، ہمیں سب کو مل کر ملک و قوم کا نام روشن کرنا ہے ، پاکستان کو عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :