میری جدوجہد ہر اس شخص کیخلاف ہے جو دیمک کی طرح پاکستان کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے‘ عمران خان

قوم سب جان چکی 2018ء کے انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے بتادے گی اب کسی لٹیرے کی یہاں جگہ نہیں

بدھ 21 مارچ 2018 20:32

مریدکے (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ میری جدوجہد ہر اس شخص کے خلاف ہے جو دیمک کی طرح پاکستان کو اندر سے کھوکھلا کر رہا ہے ۔لاہور سے گوجرانوالہ جاتے ہوئے میاں خالد جاوید کی قیادت میں جی ٹی روڈ پر آنیوالے پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے عمران خان نے کہا کہ پاکستان کو شریفوں اور زرداریوں نے دو ہاتھ سے لوٹا آج ملک دیوالیہ ہونے کی سطح پر پہنچ گیا ہے نواز شریف کا ہر منصوبہ کرپشن کی داستان ہے قوم پر نواز شریف ٹولہ اور زرداری ٹولہ نے کبھی رحم نہیں کیا انکو بس اپنی تجوریاں بھرنے کی فکر ریتی ہے قوم کو شریف برادران بیوقوف بنا کر کہتے رہے کہ زرداری کا پیٹ پھاڑ کر لوٹی دولت واپس لیں گے مگر شریف برادران کی مہربانی سے زرداری پانچ سال مزے سے اقتدار میں رہا شریف برادران خاموش رہے کیونکہ دونوں نے ایک معاہدے کے تحت قوم کو بیوقوف بنایا اور تحفظ دیکر لوٹ مار کا کھیل کھیلا شریف برادران کو توقع ہی نہیں تھی انہیں حساب دینا پڑے گا حساب دینا پڑگیا زرداری کو بھی حساب دینا پڑے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم سب جان چکی ہے 2018ء کے انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے بتادے گی اب کسی لٹیرے کی یہاں جگہ نہیں ہے شریف برادران اور زرداری ٹولہ یا تو لوٹی دولت واپس کرے گا یا جیل جائے گا ۔عمران خان کی آمد پر پی ٹی آئی کارکنوں نے زبردست نعرہ بازی کی آتش بازی اور گھوڑوں کے رقص پر عمران خان خوش ہوکر کارکنوں کو ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے۔