حرم گیٹ کی تاریخی حیثیت بحال کردی گئی

بدھ 21 مارچ 2018 20:07

ملتان۔21 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء)حکومت پنجاب اور اٹلی کے اشتراک سے جاری والڈ سٹی پراجیکٹ کے تحت چوک حرم گیٹ کی بحالی مکمل ہونے کے بعد گزشتہ روز باضابطہ افتتاح کردیا گیا۔ 422ملین روپے کے بجٹ پر مشتمل والڈ سٹی پراجیکٹ کے پہلے فیز میں 87لاکھ روپے کی لاگت سے حرم گیٹ کو تاریخی حیثیت میں بحال کر کے ملحقہ جگہ پر جدید ترین شیڈ بھی تعمیر کیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں افتتاحی تقریب کا انعقاد چوک حرم گیٹ پر کیا گیا۔ جس میں ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ ، ڈپٹی سفیر اٹلی سفارتخانہ روبرٹوپوڈو، اٹالین ماہرین تعمیرات پروفیسر اڈیلیبو اور پرفیسر فرانسکیو برونو نے فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر ٹیکنیکل عابد عنایت، سینئر آرکیٹیکٹ خالد چوہان اور فوکل پرسن والڈ سٹی پراجیکٹ محمد حسن سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سرکٹ ہائوس میں مرکزی افتتاحی تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر نادر چٹھہ نے کی۔ ایم پی اے حاجی احسان الدین قریشی، ڈپٹی مئیر ملتان منور احسان قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ نے کہا کہ آج کا دن ملتان کے شہریوں کے لئے بہت فخر کا دن ہے والڈ سٹی پراجیکٹ نے چوک حرم گیٹ سمیت صرافہ بازار اور مسافر خانے کو اس کی اصلی حالت میں بحال کر کے ملتان کی صدیوں پرانی تہذیب کو نئی زندگی دی ہے۔

اندرون شہر کو تاریخی حیثیت میں دوبارہ بحال کر نے کا مقصد پوری دنیا میں سیاحوں کو توجہ دلانا بھی ہے تاکہ وطن عزیز کے اس عظیم اثاثے کی مدد سے سیاحت کو بھی فروغ دیا جاسکے۔نادر چٹھہ نے کہا کہ والڈ سٹی پراجیکٹ کے اگلے مرحلے میں شہر کے تمام تاریخی دروازوں اور راہداریوں و عمارات کو ان کی صدیو ں پرانی حیثیت میں بحال کیا جائے گا تاکہ ان کو اگلی نسلوں کے سامنے رول ماڈل کے طور پر پیش کیا جاسکے۔

اس موقع پر ڈپٹی سفیر اٹلی سفارتخانہ روبرٹوپوڈو نے کہا کہ اٹلی ماہرین اس خطے کی تاریخی حیثیت کو بحال کرنے کے لئے پوری صلاحیتیں صرف کررہے ہیں اس حوالے سے حکومت پنجاب اور اٹلی کی حکومت باہمی اشتراک کے ذریعے مثالی اقدامات کررہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملتان دنیا کا واحد آباد شہر ہے جس کی تاریخی حیثیت اور ورثے کو عالمی سطح پر مانا جاتا ہے تاہم اس صدیوں پرانی تہذیب اور فن تعمیر کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔

اٹالین ماہر تعمیرات پروفیسر ڈیلبو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ والڈ سٹی پراجیکٹ پاک اٹلی دوستی کی مثال ہے۔ 422ملین روپے کی لاگت سے اس منصوبے کی تکمیل کے بعد ملتان کی بیشتر تاریخی عمارات کو اصلی شکل میں بحال کردیا جائے گا۔ دریں اثناء چوک حرم گیٹ پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر ملتان نادر چٹھہ ، ڈپٹی مئیر منور احسان قریشی، ایم پی اے حاجی احسان الدین قریشی اور اٹلی سے آئے مہمانوں کا ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا اور پھول نچھاور کئے گئے۔

مہمانوں کو گھنٹہ گھر بلڈنگ پرچی ایم یو کے افسران محمد حسن، محمد عمیر اور سینئر آرکیٹیکٹ خالد چوہان کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں سرکٹ ہائوس میں منعقدہ مرکزی تقریب میں مہمانوں اور والڈ سٹی پراجیکٹ میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے آفیسران میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔