زیادہ منافع کا لالچ،آئی سی سی کا چیمپئنز ٹرافی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کرانے پر غور،

بھارت کی مخالفت چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں ہوسکتا، یہ آنجہانی جگموہن ڈالمیا کا متعارف کردہ ایونٹ ہے، اگر آئی سی سی کی جانب سے ایسی کوئی کوشش کی بھی گئی تو اسے بھارت کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا،بی سی سی آئی

بدھ 21 مارچ 2018 19:44

زیادہ منافع کا لالچ،آئی سی سی کا  چیمپئنز ٹرافی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں ..
ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2018ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی )زیادہ منافع کے لالچ میں چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ بدلنے پر تل گئی،2021کا ایڈیشن ون ڈے کی بجائے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلنے پر غور شروع کردیا۔ ٹورنامنٹ کے میزبان کو بھارت کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ریونیو کی تقسیم کا جو فارمولا پیش کیا اس پر من و عن عمل کرنے کیلئے اسے زیادہ سے زیادہ آمدنی کی ضرورت ہے،اسی وجہ سے اس نے 2021 میں بھارت میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ ہی تبدیل کرنے پر غور شروع کردیا، زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی لالچ میں اس ٹورنامنٹ کو ون ڈے کے بجائے ٹوئنٹی 20 طرز میں منعقد کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے،ایسی صورت میں اسے بھارت کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کا ویسے ہی اس ایونٹ کے حوالے سے بھارتی بورڈ کے ساتھ تنازع چل رہا ہے۔بھارتی حکومت ایونٹ کو ٹیکس میں کسی بھی قسم کی چھوٹ دینے سے انکار کرچکی، اس لیے کونسل کی جانب سے پہلے ہی اپنی ایونٹ کمیٹی کو اسی ٹائم زون میں موزوں متبادل ملک تلاش کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔دوسری جانب بی سی سی آئی کے ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا فارمیٹ کسی بھی صورت میں تبدیل نہیں ہوسکتا، یہ ویسے بھی بی سی سی آئی کے آنجہانی صدر جگموہن ڈالمیا کا متعارف کردہ ایونٹ ہے، ہم اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی نہیں ہونے دیں گے، اگر آئی سی سی کی جانب سے ایسی کوئی کوشش کی بھی گئی تو اسے بھارت کی جانب سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :