کسانوں اور چھوٹے کاشتکاروں کے ساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کریں گے‘ لاہور ہائیکورٹ

گنے کے سیزن میں شوگر ملز بند کرنے کیخلاف دائر درخواستوں پر چیف سیکرٹری ،کین کمشنرپنجاب کو توہین عدالت کا نوٹس

بدھ 21 مارچ 2018 18:32

کسانوں اور چھوٹے کاشتکاروں کے ساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کریں گے‘ ..
ؒؒلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے گنے کے سیزن میں شوگر ملز بند کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر چیف سیکرٹری پنجاب اور کین کمشنرپنجاب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 23اپریل کو جواب طلب کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے مختلف درخواستوں پر سماعت کی ۔ عدالتی حکم پر کین کمشنر پنجاب پیش نہیں ہوئے جبکہ شوگر ملز مالکان عدالت میں پیش ہوگئے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کسانوں کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کبھی پیکیج، کبھی قرضوں کا لالچ دیا لیکن زراعت پر کوئی پالیسی نہ بناسکے، کسانوں کی طرف سے فی من گنے کا ریٹ 180 روپے دیا گیا لیکن اس پر عمل درآمد نہ کیا گیا ۔ کسانوں کو مل مالکان کی طرف سے فی من گنے کا ریٹ 130سے 140روپے دیا جارہا ہے ۔اس موقع پر فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسانوں اور چھوٹے کاشتکاروں کے ساتھ زیادتی ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔عدالت نے گنے کے سیزن میں شوگر ملز بند کرنے کے خلاف درخواستوں پر چیف سیکرٹری پنجاب اور کین کمشنرپنجاب کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 23اپریل کو جواب طلب کر لیا ۔