لاہور ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری کر دیا

مئی تک وزیر اعظم سے جواب طلب

بدھ 21 مارچ 2018 18:32

لاہور ہائی کورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ..
ؒؒلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔ لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے قانون دان اے کے ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملک میں پانی کی قلت دور کرنے اور بجلی بحران کو ختم کرنے کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ضروری ہے لیکن آنے والی حکومتوں نے سیاسی بنیادوں پر کالا باغ ڈیم نہ بنایا ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائی کورٹ نے اس کی درخواست منظور کی اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں مشترکہ مفادات کی کونسل کو کالا باغ ڈیم بنانے کی ہدایت کی گئی ۔مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ وزیراعظم پاکستان جبکہ چاروں وزرائے اعلیٰ اسکے ممبر ہیں ۔عدالت کے فیصلے پر وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے ابھی تک کوئی عملدرآمد نہیں کیا ۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالتی فیصلے کی تعمیل نہ کرنے پر وزیراعظم پاکستان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو 17 مئی کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔