عوام کو اقتصادی بد حالی اور مہنگائی کے نئے طوفان کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ‘عبدالعلیم خان

ْووٹ کوکرپشن کا لائسنس بنانے کی اجازت نہیں دیں گے ، کرکٹ کی بحالی خوش آئند امر ہے ‘گفتگو

بدھ 21 مارچ 2018 18:26

عوام کو اقتصادی بد حالی اور مہنگائی کے نئے طوفان کی طرف دھکیلا جا رہا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عوام کو اقتصادی بد حالی اور مہنگائی کے نئے طوفان کی طرف دھکیلا جا رہا ہے معاشی طور پرچمپئن بننے کے دعوے ہوا ہو گئے ،ڈالر کی اتنی اونچی پرواز ملکی معیشت کا رہا سہا بھی بیڑہ غرق کر دے گی ،ملک بھر میں تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے عمران خان کا قافلہ رک نہیں سکتا ، انشاء اللہ سارا پنجاب سیاسی لحاظ سے "فتح"کریں گے ۔

عبدالعلیم خان نے گجرانوالہ روانگی سے قبل پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ خود ساختہ مقبولیت کی خوش فہمی سے نکل آئے،عدالتی فیصلوں کو 20کروڑ عوام کے مینڈیٹ کی توہین قرار دیکر نواز شریف اپنا دامن بچانے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، قوم ووٹ کو کرپشن کا لائسنس بنانے کی کبھی اجازت نہیں دے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں اور اپنی نااہلی کی وجہ سے ملکی معیشت کو خطرات لاحق ہونے اور ترقی رک جانے کی باتیں کرکے نواز شریف حکومت کی ناکامیاں چھپانے کی کوشش کررہے ہیں،ان کے نامزد کٹھ پتلی حکمرانوں نے ہی اسحاق ڈار کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کیا،ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی نواز شریف کی رخصتی نہیں بلکہ نااہل وزراء کی ناقص کارکردگی کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معیشت اور عوام مسائل سے نابلد وزیر مملکت برائے خزانہ نے ڈالر کی قیمت میں اضافے پر ہاتھ کھڑے کرکے ثابت کردیا ہے کہ لیگی کٹھ پتلیوں میں سے کوئی بھی ملک سنبھالنے کا اہل نہیں،مفادپرست ٹولے نے عوام کے جذبات سے بہت کھلواڑ کرلیا،اب ان کے خوار ہونے کی باری آگئی،ملک کی دولت لوٹ کر مینڈیٹ کی خریداری کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کے پلان بنانے والوں کو ہر قدم پر پی ٹی آئی کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دریں اثناء عبدالعلیم خان نے لاہور میں کرکٹ میچز کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کی بحالی سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بہتر ہو گا اوربھارت کے موقف کو رد کیا جائے گا جو آئے دن پاکستانی سفارتکاروں کو ہراساں کرنے کی پالیسی پر اڑا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :