الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 26 مارچ سے ڈسپلے سینٹر قائم کر دیئے

ووٹر ز ووٹ کا اندراج، اخراج، کوائف کی درستگی کروا سکیں گے

بدھ 21 مارچ 2018 18:26

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 26 مارچ سے ڈسپلے سینٹر قائم کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر میں 26 مارچ سے ڈسپلے سینٹر قائم کر دیئے۔ جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات 2018ء کے تیاریوں کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے ووٹ کے اندراج ، اخراج اور کوائف کی درستگی کیلئے ملک بھر میں 14487 ڈسپلے سنٹرز قائم کردئیے ہیں جوکہ 26 اپریل 2018 سے چاروں صوبوں اور فاٹا میں عوام کی سہولت کیلئے کھول دئیے جائیں گے۔

ان ڈسپلے سنٹرز میں پنجاب 7928 سندھ 2585خیبر پختونخواہ 2545بلوچستان 1429شامل ہیں۔الیکشن کمیشن نے نادرا کے تعاون سے الیکشن 2013ء کے بعد سے لے کر سال 2018ء کے ابتداء تک جن شہریوں نے نیا شناختی کارڈ بنوایا ہے ان کے ناموں کے اندراج کو انتخابی فہرستوں میں یقینی بنایا ہے۔

(جاری ہے)

مزید براں ایسے تمام ووٹروں کے ووٹ حذف کئے ہیں جن کی نادرا کے ریکارڈ میں فوتگی درج ہے یا وہ پاکستان کی شہریت ترک کر چکے ہیں یا کسی بھی وجہ سے ان کے شناختی کارڈ منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

نئے ووٹروں کے اندراج اور فوت شدہ ووٹوں کے اخراج کے بعد ابتدائی انتخابی فہرستیں تیار کی گئی ہیں اور انہیں ڈسپلے سنٹرز میں عوام الناس کے معائنہ کیلئے رکھا جائے گا۔ اور شہریوں کو یہ موقع فراہم کی جائے گا۔ کہ وہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے انتخابی فہرستوں میں درج ووٹوں کی جانچ پڑتال کریں اور اگر ضرورت محسوس ہو تو اندراج ، اخراج اور درستگی کروائیں۔

اس مقصد کے لئے ملک بھر میں بڑی تعداد میں ڈسپلے سنٹرز قائم کئے گئے ہیں تاکہ اس امر کو یقینی بنایا جاسکے کہ تما م اہل ووٹرز انتخابی فہرستوں میں اپنے نام کا اندراج ، ووٹ کی تبدیلی ، اخراج یا کوائف کی درستگی کرواسکیں۔اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار محمد رضا نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ قومی مستقبل سازی کیلئے نوجوان مرد و خواتین کا ووٹ اندراج اور جمہوری عمل میں شرکت کرنا بہت ضروری ہے اور عام انتخابات 2018ء سے پہلے یہ تمام پاکستانیوں کے لئے سنہری موقع ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا اندراج کو یقینی بنائیں۔