ایس کے ہائیڈرو کے ورکروں اور متاثرین سکی کناری ڈیم کا اپنے مطالبات کے حق میں ایوب پل پر احتجاجی دھرنا

بدھ 21 مارچ 2018 17:50

بالاکوٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) ایس کے ہائیڈرو کے ورکروں اور متاثرین سکی کناری ڈیم نے اپنے مطالبات کے حق میں ایوب پل پر احتجاجی دھرنا دیا، دھرنے میں ہلڑ بازی سے تصادم ہوتے ہوتے رہ گیا، انتظامیہ نے خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا، عوام، مسافروں اور سیاحوں کو شاہران کاغان کی بندش سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دھرنے میں سابق صوبائی وزیر سید احمد حسین شاہ، سابق ایم پی اے مظہر علی قاسم، ایم پی اے میاں ضیاء الرحمن، سابق وزیر مملکت سردار شاہجہان یوسف، تحصیل ناظم بالاکوٹ سید ابراہیم شاہ، نائب ناظم سردار لیاقت کسانہ بھی شریک ہوئے۔ 11 گھنٹوں بعد مذاکرات کیلئے اے ڈی سی مانسہرہ اور ایس پی مانسہرہ بالاکوٹ پہنچے، کمیٹی اور انتظامیہ میں تادم تحریر مذاکرات جاری رہے تاہم ابھی تک حتمی نتیجہ نہیں نکل سکا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سی پیک منصوبہ میں شامل زیر تعمیر 870 میگاواٹ کے بجلی منصوبہ (سکی کناری) کے متاثرین اور ایس کے ہائیڈرو کے ساتھ کام کرنے والے سینکڑوں ورکرز نے اپنے حقوق اور مطالبات کیلئے ایوب پل پر احتجاجی دھرنا دیا جس میں ایس کے ہائیڈرو کے ساتھ کام کرنے والے ورکرز کی بڑی تعداد شریک ہے۔ مظاہرین مطالبہ کر رہے تھے کہ چین کی کمپنی گزوبا گروپ انہیں مقررہ تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کر رہی جبکہ مقامی افراد کو نظر انداز کر کے علاقہ سے باہر کے افراد کو بھرتی کیا جاتا ہے جو مقامی آبادی کے ساتھ ظلم ہے۔

متعلقہ عنوان :