حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی بیرونی سرمایہ کاری، پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 21 مارچ 2018 17:33

حکومت کی موثر پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی بیرونی سرمایہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت کی موثر اور کارآمد پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں اربوں ڈالرز کی بیرونی سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں قوی امید ہے اور ہم پرعزم ہیں کہ ہمارے عوام دوبارہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیکر کامیاب کریں گے،ہم 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد سی پیک سمیت دیگر عوامی فلاحی منصوبوں کی پالیسی کے ایجنڈے کو جاری رکھیں گے اور عوامی خدمت کے سفر کو آگے بڑھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی توانائی بحران کے مسئلے کو حل کیا ہے،10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی قومی نظام میں شامل کی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا محور صرف اور صرف محمد نواز شریف ہیں اور نہ ہی وہ گو نواز گو سے آگے اپنا وژن ہی واضح کر سکے ہیں،یہی وجہ ہے کہ وہ لوگ جو پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے ہوئے تھے وہ بھی اب اس سے پیچھے ہٹتے جا رہے ہیں کیونکہ لوگ پی ٹی آئی کی منفی اور بے بنیاد و جھوٹے الزامات کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف ظاہری طور پر تو وزارت عظمیٰ سے الگ ہو گئے لیکن سیاسی طور پر محمد نواز شریف کمزور نہیں بلکہ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہوگئے ہیں ، بحثیت وزیراعظم پاکستان وہ جس مقام پر تھے عوام میں جا کر آج وہ اس سے بھی دگنی مقبولیت پر جا پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو ملکی سیاست سے نکالنے والوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور محمد نواز شریف آج بھی ملک کے سب سے مقبول ترین سیاسی رہنما ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی ہے کہ عمران خان کا پورا بیانیہ ستیاناس اور بیڑا غرق پر ہے جس سے ہمارے نوجوانوں میں بھی مایوسی پیدا ہو رہی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الحمدللہ پاکستان نے بہت کامیابیاں سمیٹی ہیں اور ابھی 2013ء کل ہی کی بات ہے جب ملک بھر میں 18،18 اور20،20 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن آج 18,20 گھنٹے بجلی آ رہی ہے اور اسی طرح 2013ء میں دہشت گردی بھی عروج پر تھی اور روزانہ کئی کئی لوگ اس دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ جاتے تھے لیکن آج الحمدللہ ملک سے دہشت گردی کا صفایا کر دیا گیا ہے اور پر طرف امن کا سایہ ہے جبکہ اس امن و امان کی بہتر ہوتی ہوئی صورت حال کے پیش نظر بیرونی سرمایہ کار یہاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں جس سے ہماری ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہوتی جا رہی ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن ہماری قومی یکجہتی پر حملہ کرنا چاہتا ہے اور چاہتا ہے کہ ملکی اقتصادی ترقی کے بڑھتے سفر کو روکا جا سکے لیکن ہم پرعزم ہیں کہ ہمارے ادارے بھی اور ہمارے سیاستدان بھی مل کر آگے بڑھنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ بھی امید ہے کہ 2019ء میں جب اگلا پی ایس ایل ہو گا تو پاکستان انشاء اللہ مزید آگے بڑھ چکا ہو گا اور مجھے قومی امید ہے کہ ہم اگلا پورا پی ایس ایل اپنے پاکستان میں کریں گے اور2020ء میں ورلڈکپ کے پاکستان میں کرانے کا بھی کہیں گے تاکہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کر کے اپنے لوگوں کو مزید خوشیاں دے سکیں۔