گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کو فوری طور پر یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے، متفقہ قرارداد

بدھ 21 مارچ 2018 16:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چکوال کو فوری طور پر یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے اور گزشتہ پانچ سال سے منظور ہونے والا پنجاب یونیورسٹی کیمپس فوری طور پر شروع کیا جائے۔ یہ قرارداد متفقہ طور پر یہاں محمود مریم ناصر ثروت ٹرسٹ کے زیر اہتمام تقریب تقسیم سکالر شپ میں منظور کی گئی جو یہاں سیتھی آڈیٹوریم میں چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم کی صدارت میں منعقد ہوا۔

قرارداد ٹرسٹی خواجہ بابر سلیم محمود نے پیش کرتے ہوئے اس امر پر افسوس کااظہار کیا کہ 2013کے عام انتخابات میں میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے یونیورسٹی کیمپس کے قیام کا اعلان کیا گیا تھا مگر پانچ سال گزرنے کے باوجود ابھی تک اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

جنرل عبدالقیوم نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد کو دو سال قبل چکوال کالج میں لائے تھے اور انہو ں نے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کو ایک کروڑ روپے فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی تھی، جنرل عبدالقیوم نے اس یقین کااظہار کیا کہ انشاء اللہ آنے والے عرصے میں یونیورسٹی کیمپس ضرور منظور ہوگا۔

تقریب سے راجہ یاسر سرفراز، راجہ مجاہد افسر، پرنسپل مقصود احمد، انچارج پروفیسر عابد حسین، ٹرسٹی خواجہ بابر سلیم محمودنے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :