مظفرآباد،آر پار تجارت کرنے والے تاجروں کا احتجاجی دھرنا آٹھویں روز بھی جاری

وزیر تعلیم ، وزیر سپورٹس ، سینئر نائب صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی کیمپ پہنچ گئے ،ْ تاجروں کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمایت ، وزراء حکومت کا معاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھانے کی یقین دہانی

بدھ 21 مارچ 2018 16:57

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) آر پار تجارت کرنے والے تاجروں کا احتجاجی دھرنا آٹھویں روز بھی جاری ‘ وزیر تعلیم ، وزیر سپورٹس ، سینئر نائب صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی کیمپ پہنچ گئے ۔ تاجروں کے چارٹر آف ڈیمانڈ کی مکمل حمایت ، وزراء حکومت کا معاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھانے کی یقین دہانی ، تفصیلات کے مطابق ایل او سی ٹریڈرز نے اسلام آباد کسٹم کی جانب سے کشمیری تاجروں کے گلے پر چھری پھیرنے کے عمل کیخلاف گزشتہ آٹھ روز سے مظفرآباد میں احتجاجی کیمپ لگا رکھا ہے ۔

گزشتہ روز وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار گیلانی ، وزیر سپورٹس چوہدری سعید اور پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد نے علیحدہ علیحدہ احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

تاجروں نے سیاسی نمائندوں کو بتایا کہ کوہالہ اور آزاد پتن پل کراس کرتے ہی اسلام آباد کسٹم حکام تجارتی مال بردار ٹرکوں کو ضبط کرلیتے ہیں ۔ مال کیساتھ گاڑیاں بھی نیلام کی جارہی ہیں ۔

پاکستان کی منڈیوں تک کشمیری تاجروں کو رسائی نہیں دی جارہی ۔ ہماری معاشی ناکہ بندی کی جارہی ہے ۔ تاجروں کو سہولیات کے بجائے تنگ کیا جانا سراسر ناانصافی ہے ۔ تاجروں کے مسائل سننے کے بعد حکومتی وزراء نے تاجروں کو یقین دہانی کروائی کہ آر پار تجارت کو کسی صورت بند نہیں ہونے دینگے ۔ کسٹم اسلام آباد کی ناانصافیوں کامعاملہ کابینہ اجلاس میں اٹھائیں گے اور حکومت پاکستان کو بھی معاملے کی سنگینی سے آگاہ کرینگے ۔

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر خواجہ فاروق احمد نے تاجروں کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ آرپار تجارت کرنے والوں کو تنہا نہیں چھوریں گے ۔ ہر قدم پر تاجروں کا ساتھ دینگے ۔ تاجر نمائندگان سردار قضیم ، بشارت نوری ، انجم زمان اعوان ، ہلال پیرزادہ ، راجہ شاہین، تنویر ترالی نے وزراء حکومت ، پی ٹی آئی کی قیادت اور مظفرآباد کے جملہ مکاتب فکر کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جائز مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے ۔

متعلقہ عنوان :