سپریم کورٹ نے رحمان ملک کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی

دو ہفتوں میں ایسے مقدمات دیکھنے کو ملیں گے جنہیں کبھی کسی نے ہاتھ بھی نہیں لگایا ،ْ چیف جسٹس کے ریمارکس یہ خدائی خدمت گار ایسی درخواستیں دائر کرتے رہتے ہیں ،ْ لطیف کھوسہ …… خدائی خدمت گار کی 55 درخواستیں چیمبر میں خارج کر چکا ہوں ،ْ چیف جسٹس

بدھ 21 مارچ 2018 16:53

سپریم کورٹ نے رحمان ملک کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے رحمان ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔ بدھ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی تین رکنی بینچ نے پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے آغاز پر رحمان ملک کے وکیل لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ توہین عدالت کیس کا فیصلہ انٹرا کورٹ اپیل میں مسترد ہو چکا ہے، انٹر کورٹ اپیل کے بعد توہین عدالت کا معاملہ غیر موثر ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ دو ہفتوں میں ایسے مقدمات دیکھنے کو ملیں گے جنہیں کبھی کسی نے ہاتھ بھی نہیں لگایا۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ خدائی خدمت گار ایسی درخواستیں دائر کرتے رہتے ہیں۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ خدائی خدمت گار کی 55 درخواستیں چیمبر میں خارج کر چکا ہوں۔عدالت نے لطیف کھوسہ کے دلائل کے بعد رحمان ملک کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی۔درخواست خارج ہونے پر رحمان ملک نے کہا کہ عدالت کا شکر گزار ہوں کہ معاملہ ختم کردیا۔