اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ساڑھے 25کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر مکمل کر لیا گیا‘خواجہ احمد حسان

تمام 1474یوٹب گرڈرز نصب کر دیئے گئے‘منصوبے کااہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ‘پٹری بچھانے کا کام تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 21 مارچ 2018 16:05

اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ساڑھے 25کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے ساڑھے 25کلومیٹر طویل بالائے زمین ٹریک کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے اور اس مقصد کے لئے تمام 1474یوٹب گرڈرز نصب کر دیئے گئے ہیں ،اس طرح عام شہریوں کی سہولت کے اس منصوبے کا اہم سنگ میل عبور کر لیا گیا ہے ، چینی کنٹریکٹر سی آرنورنکو کو ٹریک پر پٹری بچھانے کا کام مزید تیز کرنے اور اس مقصد کے لئے اضافی لیبر تعینات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ ٹرین کا آپریشن جلد از جلد شروع کیا جا سکے،تمام تر ابتدائی رکاوٹوں کے باوجود چوبرجی سے علی ٹائون رائے ونڈ روڈ تک پیکیج ٹو کا تعمیراتی کام بھی تسلی بخش رفتار سے جاری ہے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے - اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا 86.13فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے -ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 90.32فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 80.14فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا86.89فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 87.83فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ۔

اس کے علاوہ منصوبے کا 50.27فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔اجلاس کو بتایاگیا کہ جی پی او چوک میں سٹیشن کی بالائی سلیب مکمل کرنے کے بعد ملحقہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ 31مارچ کو جی پی او چوک پر مال روڈ کی ٹریفک کو بھی بحال کر دیا جائے گا۔زیر زمین راستے کے باقی ماندہ حصے کے لئے زمین کی کھدائی کا 60فیصد کام بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔

بجلی سے ٹرین چلانے کے لئے انجینئرنگ یونیورسٹی کے قریب الیکٹرک سب سٹیشن کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے ‘ ٹرین کا بالائے زمین ٹریک تعمیر کرنے کے لئے ٹھوکر نیاز بیگ فلائی اوور پر یو ٹب گرڈرزنصب کرنے کا مشکل مرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘چیف انجینئر ٹیپا مظہر حسین خان اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔

بعد ازاں خواجہ احمد حسان اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں بوہڑ والا چوک نکلسن روڈ پر بنائے جانے والے میٹرو سٹیشن کا معائنہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :