پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلیٰ سطح کا وفد 3 روزہ دورے پر ترکی روانہ

ترکی ہاتھ سے بنے پاکستانی فرنیچر کو یورپی مارکیٹوں تک رسائی کے مواقعے فراہم کر سکتا ہے پی ایف سی کی خلیج، یورپ،جاپان اور امریکا جیسی اہم مارکیٹوں پر توجہ،پاکستان کے ہاتھ سے بنے سستے فرنیچر کو یورپی مارکیٹوں میں مہنگے داموں فروخت کیا جاسکتا ہے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں محمدکاشف اشفاق کی روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو

بدھ 21 مارچ 2018 15:36

پاکستان فرنیچر کونسل کا اعلیٰ سطح کا وفد 3 روزہ دورے پر ترکی روانہ
لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل(پی ایف سی) کا اعلیٰ سطح کا وفد کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاںکاشف اشفاق کی سربراہی میں بدھ کو3 روزہ دورے پر ترکی روانہ ہوگیا۔ یہ وفد پاکستان میں فرنیچر کی صنعت کے فروغ،مستقبل کی پالیسیوں کی تشکیل کے لیے مہارتوں کے حصول کی کوشش اور وژن کے تبادلہ سے سرمایہ کاری کے نئے امکانات کا جائزہ لے گا۔

دورے پر روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمدکاشف اشفاق نے بتایا کہ وفد ترکی میں اپنے ہم منصبوں سے فرنیچر کی صنعت بارے تفصیلی تبادلہ خیال کرے گا،پی ایف سی خلیجی خطے، یورپی یونین ،جاپان اور امریکا جیسی اہم مارکیٹوں پر زیادہ توجہ دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ترکی پاکستان کو ہاتھ سے بنا فرنیچر یونین کی مارکیٹوں میں پہنچانے کے کافی مواقع دے سکتا ہے اور ایسا ترک کمپنیوں کی شراکت داری کے ساتھ ہی ممکن ہوسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترک فرمیں یورپی صارفین کے لیے اعلیٰ معیار کا قیمتی مشینری سے تیار فرنیچر بنا رہی ہیں،پاکستان میں زیادہ تر فرنیچر ہاتھ سے بنایا جاتا ہے اور اس سستے فرنیچر کو یورپی مارکیٹوں میں مہنگے داموں فروخت کیا جاسکتا ہے، اس ضمن میں ترک فرمیں پاکستانی مینوفیکچررز کو ممکنہ گاہکوں تک رسائی دینے میں بڑا کردار ادا کرسکتی ہیں، پاکستان اور ترکی کے درمیان مثالی تعلقات ہیں۔

میاں محمد کاشف اشفاق نے کہاکہ فرنیچر کی برآمدات کے لیے انٹرنیشنل شوز میں شرکت ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی فرنیچر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے مطلوبہ مشینری کی فراہمی ضروری ہے جس کے لیے دونوں ملکوں کے مشترکہ منصوبے تشکیل دیے جانے چاہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فرنیچر سازی کی صنعت میں جدت لانے کے لیے چھوٹے پیمانے کی بجائے بڑے پیمانے پر فرنیچر سازی کی اشد ضرورت ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پی ایف سی اسلام آباد میںمارچ میں منعقد ہونے والی3 روزہ دسویں’’انٹیریئر پاکستان‘‘فرنیچر نمائش میں ترک فرنیچر ساز اداروں کو شرکت کی دعوت دے گی۔یاد رہے گذشتہ پی ایف سی کی طرف سے منعقد کی گئی کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی نمائشوں میں ترکی کی فرنیچر ساز کمپنیوں نے بھرپور شرکت کی جس کے پاکستان کی معیشت کر دور رس مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

متعلقہ عنوان :