خیبرپختونخوا میں سی پیک کے تحت دوبڑے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں‘

ایوب گل ،حقلکا ڈی آئی خان موٹر وے ‘ سرکلر ریلوے پشاور پراجیکٹ ‘راشکئی اکنامکس زون اور چترال شندور ہائی وے کی فیزیبلٹی رپورٹ پر کام جاری ہے‘سی پیک خیبرپختونخوا سیل کے ریسرچ آفیسر ایوب گل کی ’’اے پی پی ‘‘ سے گفتگو

بدھ 21 مارچ 2018 14:43

خیبرپختونخوا میں سی پیک کے تحت دوبڑے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) سی پیک کے تحت خیبرپختونخوا میں دو بڑے منصوبے تھاکوٹ حویلیاں 120کلومیٹر اور سوکی کناری ہائیڈرو پائور پراجیکٹ 870میگاواٹ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگئے ہیں‘ جن کی تکمیل سے صوبے میں معاشی خوشحالی وترقی کا ایک نیادور شروع ہوجائیگا‘ سی پیک خیبرپختونخوا سیل کے ریسرچ آفیسر ایوب گل نے ’’اے پی پی ‘‘ کو بتایاکہ کے کے ایچ فیز ٹو کے تحت تاکوٹ حویلیاں موٹر وے پر کام تیز کردیاگیاہے‘ اور 1366ملین ڈالر کی لاگت سے یہ منصوبہ دوسال کے اندر مکمل کیاجائیگا‘انہوں نے کہاکہ 120کلومیٹر طویل حویلیاں تاکوٹ موٹر وے حویلیاں سے شروع ہوکر ایبٹ آباد‘ مانسہرہ اور شنکیاری سے گزرتے ہوئے بٹ گرام تاکوٹ پراختتام پذیر ہوگی‘ انہوں نے کہاکہ مذکورہ منصوبے میں ایبٹ آباد کے مقام پر دو اور بٹل ‘کارمونگ اور مانسہرہ کے مقام پر ایک ایک ٹنل کی تعمیر بھی شامل ہے‘ انہوں نے کہاکہ 27دسمبر 2017ء کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 60کلومیٹر طویل ہزارہ موٹر وے کے 47کلومیٹر برہان شاہ مقصود حصے کا افتتاح کیاتھا‘ انہوں نے کہاکہ ہزارہ موٹر وے سے حطار انڈسٹریل ائیریا ‘ہری پور ‘حویلیاں‘ ایبٹ آباد اور شمالی علاقہ جات کے چھ لاکھ باشندے فائدہ اٹھارہے ہیں‘ اور اس سے روزانہ کی بنیاد پر 28ہزار 5سو گاڑیاں گزریں گی ‘ اور عوام کو وقت اور کرایہ کی مد میں نمایاں بچت حاصل ہوگی‘ انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کا افتتاح سابق وزیراعظم محمدنوازشریف نے ستمبر 2016ء میں کیاتھا جس کے بعد اس منصوبے پر باقاعدہ عملی طورپر کام کاآغاز کردیاگیاتھا‘انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کی39کلومیٹر طویل حویلیاں ‘ایبٹ آباد ‘مانسہرہ سیکشن مکمل ہوکرہرقسم کی ٹریفک کیلئے کھل چکاہے‘انہوں نے کہاکہ اس منصوبے کی تکمیل سے صوبے کے شمالی علاقوں میں سیاحت ‘صنعت اور تجارتی سرگرمیوں کے شعبوں کو فروغ حاصل ہوگا‘ اور اس کے ساتھ ساتھ غربت میں کمی آئیگی‘ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہونگے‘ ایوب نے کہاکہ 870میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والے سوکی کناری ہائیڈرو پائور پراجیکٹ پر تیز رفتاری کے ساتھ کام جاری ہے‘ اور مقررہ معیاد سے پہلے ہی یہ منصوبہ مکمل ہوجائیگا‘انہوں نے کہاکہ اس منصوبے پر تقریباً 70فیصد کام مکمل ہوچکاہے‘ اور مذکورہ پائور پلانٹ دوسال کے اندرباقاعدہ طورپر فعال ہوجائیگا‘ انہوں نے کہاکہ یہ پائور پلانٹ دریائے کنہار مانسہرہ پر1802ملین ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیاجارہاہے‘ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں سی پیک کے تحت دیگر بڑے منصوبوں میں حقلکا ڈی آئی خان موٹر وے ‘ سرکلر ریلوے پشاور پراجیکٹ ‘راشکئی اکنامکس زون اور چترال شندور ہائی وے شامل ہیں‘ جن کی فیزیبلٹی رپورٹ پر کام جاری ہے ‘ اور قواعد وضوابط کی تکمیل کے بعد ان منصوبوں پر عملی کام کاآغاز جلدہی کیاجائیگا‘انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کم مدتی ‘ درمیانی مدتی اور طویل مدتی مراحل کے تحت بلترتیب 2020, 2025اور 2030ء میں مکمل کیے جارہے ہیں ‘انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبے کے ٹرانسپورٹ انفراسٹریکچر سے خیبرپختونخوا کے دور دراز کے علاقوں سمیت گلگت بلتستان اور بلوچستان میں معاشی وتجارتی سرگرمیاں تیز ہونگی اور ملک ملکی ترقی کی رفتار میں کئی گنا اضافے کے ساتھ ساتھ سرحدات بیرونی خطروں سے محفوظ ہوجائینگی۔