امتحان میں ناکامی ، 15 سالہ طالبہ نے خودکُشی کر لی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 21 مارچ 2018 14:12

امتحان میں ناکامی ، 15 سالہ طالبہ نے خودکُشی کر لی
بھارت (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مارچ 2018ء) : بھارتی ریاست اُترپردیش میں ایک 15 سالہ طالبہ نے امتحان میں ناکامی پر خود کُشی کر لی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 15 سالہ طالبہ پڑھائی میں اچھی تھی اور کتھک ڈانس میں بھی ماہر تھی،اس کا سب سے بڑا ڈر نویں جماعت کے امتحان میں فیل ہوجانا تھا جو بدقسمتی سے سچ ہو گیا۔15 سالہ طالبہ دو مضامین میں فیل ہوئی اور دلبرداشتہ ہو کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

طالبہ کے والدین نے اس کے کمرے میں اپنی بیٹی کو پنکھے سے لٹکتے ہوئے اس وقت برآمد کیا جب وہ کام سے فارغ ہو کر گھر لوٹے اور اپنی بیٹی سے ملاقات کے لیے اُس کے کمرے کا رُخ کیا۔ بچی کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دیا۔ طالبہ کے خاندان نے شُبہ ظاہر کیا ہے کہ اس کی خود کُشی کی وجہ امتحان میں ناکامی نہیں تھی، بلکہ اس کے اسکول کے دو اساتذہ نے اسے مبینہ طور پر جنسی ہراسگی کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

والد کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پہلے بھی وہ مجھے بتا چکی تھی کہ میرے ایک ٹیچر نے مجھے غیر مناسب انداز میں چھُونے کی کوشش کی تھی۔ وہ اکثر کہتی تھی کہ میں جو مرضی لکھ لوں ، جیسا مرضی پیپر دوں وہ مجھے فیل کر ہی دیں گے، مجھے ان سے ڈر لگتا ہے۔ 15 سالہ طالبہ کے والد نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ اسکول نے میری بچی کو مار دیا ہے۔ طالبہ کے کمرے سے کوئی نوٹ بھی نہیں ملا جس سے اس کی خود کُشی کی اصل وجہ کا پتہ لگایا جا سکے، لاش کو پوسٹمارٹم کے لیے بھجوادیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس افسران نے اسکول کا دورہ بھی کیا اور تفتیش کی۔ تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

متعلقہ عنوان :