ڈالر کا 112 سے 115 روپے کے درمیان ریٹ مناسب ہے-وزیرمملکت برائے خزانہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 21 مارچ 2018 13:43

ڈالر کا 112 سے 115 روپے کے درمیان ریٹ مناسب ہے-وزیرمملکت برائے خزانہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21مارچ۔2018ء) وزیرمملکت برائے خزانہ رانا افضل کا کہنا ہے کہ ڈالرکے معاملے پر ہم مداخلت نہیں کرتے، ڈالر کی قمیت میں اضافے کو روکا نہیں جاسکتا کیونکہ اس کی قیمت کا تعین مارکیٹ فورسز کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا افضل نے کہا کہ ڈالر کی قمیت بڑھنے سے برآمدات بڑھیں گی، اسٹیٹ بینک کے پاس 12 ارب ڈالر سے زائد کے ذخائر موجود ہیں، ڈالر کا 112 سے 115 روپے کے درمیان ریٹ مناسب ہے، سٹے باز زیادہ دیرتک سرگرم نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں 3 ارب ڈالر سے زیادہ کا بیرونی قرض واپس کرنا ہے، بیرونی ادائیگیوں سے متعلق حکومت پریشان نہیں ہے، اس کے لیے بہت ساری چیزیں پائپ لائن میں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہو گا، بجٹ میں اگر ضرورت پڑی توٹیکس انتہائی محدود بڑھائیں گے۔واضح رہے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے جس کے باعث ڈالر کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 115 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

متعلقہ عنوان :