صوبہ بھر میں قائم پنجا ب ایجوکیشن فائونڈیشن کے پارٹنر سکولوں میں کتا بوں کی تقسیم جاری

پنجاب بھر میں قائم 32 سینٹروں میں سے 29 سینٹروں میں کتابوں کی فراہمی مکمل کر لی گئی 10859 سکولوں میں 10,244,570کتابیں فراہم کر دی گئیں ‘ترجمان پیف

بدھ 21 مارچ 2018 13:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء)پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے پنجاب بھر میں قائم 32 کولیکشن سینٹروں میں سے 29 سینٹروں میں کتابوں کی تقسیم مکمل کر لی گئی ۔ اب تک 10859 سکولوں میں 10,244,570کتابیں فراہم کر دی گئیں ۔جبکہ فیصل آباد، خوشاب اور ساہیوال کے اضلاع میں تقسیم کا عمل کل تک مکمل ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

پیف کے ترجمان نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر طارق محمود کی خاص ہدایت پرکتابوں کی تقسیم کا عمل جلد مکمل کیا جارہاہے تاکہ سکولوں کو بروقت کتابیں فراہم کی جا سکیں اور طالبعلموں کی پڑھا ئی متاثر نہ ہو ۔

ترجمان کے مطابق اس سال پیف سے منسلک سکول مالکان کے لئے کتابوں کی فراہمی کے بارے رائے دہی کے لئے فارم بنایا گیا ہے جس کا مقصد کتابوں کی تقسیم کے عمل کو مزید بہتر اور تیزبنانا ہے ۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام بکس ڈسٹریبوشن سیل اس عمل کو انتہائی موثر طریقے اور شفافیت سے سر انجام دے رہا ہے ۔مزید یہ بھی کہاکہ سکول مالکان کے لیے تقسیم کے مقام پر انتظار گاہ کا انتظام ہے تاکہ سکول مالکان بغیر کسی تکلیف کے اپنی باری کا انتظار کر سکیں۔کتابوں کی تقسیم کا عمل کل تک مکمل کر لیا جائیگا۔