سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی خلاف ضابطہ تقرری کیخلاف درخواست پر ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تحریری جواب طلب

بدھ 21 مارچ 2018 13:44

سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی خلاف ضابطہ تقرری کیخلاف درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سرگودھا یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی خلاف ضابطہ تقرری کے خلاف درخواست پر ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تحریری جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز عدالت عالیہ کے روبرو درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاکہ ڈاکٹر اشتیاق کے پاس تقرری کے وقت صرف 10 پبلیکیشن تھیں جبکہ تقرری کے لئے 15ہونی چاہئیں ،اشتیاق احمد کی تقرری خلاف قانون کی گئی ، اس تقرری کی وجہ سے اعلی تعلیمی ادارہ کے مستقبل کو دائو پر لگا دیا گیا بلکہ ہزار طلبا کا مستقبل بھی دائوپر لگ گیا۔

درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ ڈاکٹر اشتیاق وائس چانسلر کی پوسٹ پر اپلائی کرنے کے ہی اہل نہ تھے،محکمہ تعلیم اور سرچ کمیٹی نے انہیں خلاف قانون تقرر کرنے کی سفارش کر دی ، مذکورہ وائس چانسلر ایک دن بھی نہ پروفیسر رہے اور نہ کبھی ڈین یا چیئرمین کے عہدے پر فائز رہے ، ان کی تقرری میرٹ کے ساتھ کھلے مذاق کے مساوی ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران ہائر ایجو کیشن کمیشن عدالت کے جوابات دینے میں ناکام رہے ۔ جس پر فاضل عدالت نے ہائر ایجوکیشن کمیشن سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔