توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری

عدالتی فیصلے کی روشنی میں مشترکہ مفادات کی کونسل کو کالا باغ ڈیم بنانے کی ہدایت کی گئی، وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے ابھی تک کوئی عملدرآمد نہیں کیا ‘ درخواست گزار کا موقف

بدھ 21 مارچ 2018 13:44

توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے قانون دان اے کے ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ملک میں پانی کی قلت دور کرنے اور بجلی بحران کو ختم کرنے کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ضروری ہے لیکن آنے والی حکومتوں نے سیاسی بنیادوں پر کالا باغ ڈیم نہ بنایا ۔

(جاری ہے)

لاہور ہائی کورٹ نے اس کی درخواست منظور کی اور عدالتی فیصلے کی روشنی میں مشترکہ مفادات کی کونسل کو کالا باغ ڈیم بنانے کی ہدایت کی گئی ۔مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ وزیراعظم پاکستان جبکہ چاروں وزرائے اعلیٰ اسکے ممبر ہیں ۔عدالت کے فیصلے پر وزیراعظم نے مشترکہ مفادات کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے ابھی تک کوئی عملدرآمد نہیں کیا ۔لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عدالتی فیصلے کی تعمیل نہ کرنے پر وزیراعظم پاکستان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے شاہد خاقان عباسی کو 17 مئی کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔