کے یو جے انتخابات، پروگریسیو پینل کے امیدوار بلامقابلہ کامیاب قرار

فہیم صدیقی صدر، ناصر محمود جنرل سیکرٹری منتخب

بدھ 21 مارچ 2018 13:13

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) کراچی یونین آف جرنلسٹس(کے یو جے )برناگروپ کے سالانہ انتخابات 2018/2019 میں پروگریسیو پینل کے امیدواروں کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیدیا گیا۔ کے یو جے کے الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدواروں نے پروگریسیو پینل کے امیدواروں کے مقابلے میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے جس کے بعد الیکشن کمیٹی نے بلامقابلہ کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔

(جاری ہے)

چیئرمین الیکشن کمیٹی سیف اللہ خٹک کے دستخطوں سے جاری کامیاب امیدواروں کی فہرست کے مطابق فہیم صدیقی صدر، نعمت اللہ بخاری اور اعجاز شیخ نائب صدور، مسرور افضل پاشا خازن، ناصر محمود جنرل سیکرٹری، محمد جاوید قریشی اور لیاقت رانا جوائنٹ سیکرٹری کے عہدوں پر کامیاب ہوئے۔ رکن مجلس عاملہ کی سات نشستوں پر آصف رانا، کاشف صدیقی، غوث محی الدین، راسم خان ، ارشد حسین، محمد نعیم کھوکھر اور محمد امین کو بلامقابلہ کامیاب قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پروگریسیو پینل کے مقابلے میں الیکشن میں حصہ لینے والے آزاد امیدواروں نے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے صحافی حقوق کیلئے 9 اپریل 2018 سے شروع ہونے والی صحافتی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے۔

متعلقہ عنوان :