عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ،چیف جسٹس وزیر شکیل احمد

بدھ 21 مارچ 2018 13:03

عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا ہماری ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) چیف جسٹس وزیر شکیل احمد نے سول جج سب ڈویژن ڈغونی ضلع گانچھے کی عدالت اور رہائشی مکان کی عمارت کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان سمیت ڈغونی کے عوام کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی گھر کی دہلیز پر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے ۔ گلگت بلتستان میں عدالتیں مکمل طور پر خود مختار اور قانون کے مطابق سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے بہتر انداز میں کام کررہی ہیں جس کے باعث جی بی کے عوام کا عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے اور حقدار اپنے حق کے حصول کیلئے عدالت سے امید لگارکھا ہوا ہے جسکے لئے ہماری اولین کوشش ہے کہ قانون کی حکمرانی سستے اور فوری انصاف کیلئے قانون کے تحت اس اعتماد کو پورا کیا جائے اور اس تسلسل کو بر قرار رکھنے کیلئے چیف کورٹ سمیت ماتحت عدالتوں کے ججز روزانہ کی بنیاد پر دیوانی او فوجداری کے مقدما ت کو نمٹا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ قانون کی حکمرانی ، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی میں کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائیگا ۔سول جج سب ڈویژن ڈغونی ضلع گانچھے کی کورٹ اور رہائشی مکان کی عمارت کے قیام سے ڈغونی کے عوام کو فوری اور سستے انصاف کے حصول میں آسانی اور گھر کی دہلیز پر حقدار کو حق مل جائیگا ۔ صوبائی حکومت کی مالی معاونت سے تمام اضلاع بشمول ڈغونی سول ایڈیشنل اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی عدالتوں اور رہائشی مکانات کے منصوبے کو مکمل کرنے جا رہے ہیں تاکہ ججز اعتماد کے ساتھ عوام کو سستے اور فوری انصاف فرہم کر سکیں ۔

اس موقع پر چیف جسٹس چیف کورٹ نے ایکسئین تعمیرات کو ڈغونی سول کورٹ اور ججز کے رہائشی مکان کی عمارت کو بر وقت مکمل کرنے کی ہدایت کردی اور ایکسئین تعمیرات محمد یوسف نے چیف جسٹس کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ چیف جسٹس وزیر شکیل احمد نے زیر تعمیر عمارت کے کام کا جائزہ بھی لیا ۔ تقریب میں چیف جسٹس چیف کورٹ وزیر شکیل احمد ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مفتی لقمان حکیم ، سول جج ، اسسٹنٹ رجسٹرارچیف کورٹ سکردو رجسٹری وقار احمد سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :