ْایبٹ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کے زیراہتمام تین روزہ قومی کانفرنس 25 اپریل سے شروع ہو گی

بدھ 21 مارچ 2018 11:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی کے شعبہ اکنامکس کے زیر اہتمام قومی کانفرنس 25 تا 27 اپریل کو منعقد ہو گی جس میں کراچی اور لاہور سمیت ملک بھر کے بہترین محققین اپنے اپنے مقالے پڑھیں گے۔ کانفرنس ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کی۔

اجلاس میں شعبہ اکنامکس ایبٹ آباد یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عدنان خورشید نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد اور انتظامات کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے اپنے خطاب کے دوران شعبہ اکنامکس کے ہیڈ فواد سلیم سمیت دیگر منتظمین کو کانفرنس کے انعقاد کے حوالہ سے کئے گئے کام اور کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کانفرنس ہمیشہ اعلیٰ تعلیمی ادارے کی کارکردگی اور اس کی اچھی شہرت کے حوالہ سے معاون و مددگار ثابت ہوتی ہیں اور اس کے ذریعہ ہمارے طلباء و طالبات اور ریسرچ سکالرز کو اپنے اپنے خیالات کے تبادلہ اور ماہرین کے ساتھ تحقیق کے حوالہ سے روابط کو آگے بڑھانے کا بہترین موقع ملتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ماہرین مضمون اور سکالرز کے یہاں پر آنے سے طلبہ اور تحقیقی میدان میں نئے شعبوں کی تلاش میں بھی مدد ملے گی،کانفرنسز ہمیشہ نئے رجحانات اور خیالات کو فروغ دینے میں بہترین کردار ادا کرتی ہیں۔ کانفرنس کی تیاری کے سلسلہ میں طلبہ کو بھی شامل کیا جائے کیونکہ یہ بھی طلبہ کیلئے ایک نیا تجربہ ہو گا، کل جب وہ کسی تعلیمی ادارے میں اپنے فرائض اسرانجام دیں گے تو انہیں ایسی سرگرمی کو منعقد کروانے کا موقع ملے تو یہ تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے میں منتظیمین کو اپنی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دھانی بھی کروائی۔