پاکستان صرف طالبان ہی نہیں حقانی نیٹ ورک کے خلاف بھی کارروائیاں کرے،امریکہ

افغان امن مذاکرات میں طالبان کی شرکت سے متعلق پاکستان کاکردارکلیدی ،مزید مدد کرنا ہوگی ،ترجمان محکمہ خارجہ

بدھ 21 مارچ 2018 11:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان نے درست سمت میں بعض مثبت اقدامات کئے ہیں مگر اب بھی بہت کچھ کر نا باقی ہے۔صرف طالبان ہی نہیں حقانی نیٹ ورک اور دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف بھی کارروائیاں کر نا ہوں گی۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدر نوئرٹ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے نائب امریکی صدر اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ملاقات میں جنوبی ایشیا سے متعلق صدرٹرمپ کی نئی حکمت عملی پرعمل درآمد اور خصوصی طورپر دہشت گرد گروہوں کے خلاف اقدامات پر بات ہوئی۔

ملاقات میں مائیک پنس نے تمام دہشت گردگروہوں کیخلاف مزیداقدامات پر زور دیا، ترجمان نے کہا کہ پچھلے سال پاکستان کی امداد دہشت گردوں کیخلاف سخت اقدامات سے مشروط کی گئی تھی۔مائیک پنس نے کہا کہ پاکستان کو ابھی بہت پیش رفت دکھانی ہے، افغان امن مذاکرات میں طالبان کی شرکت سے متعلق پاکستان کاکلیدی کردار ہے اور اس سلسلے میں پاکستان کو مدد کرنا ہوگی ۔