سرینگر میں سیمینار، مقررین کا مسئلہ کشمیر کے جلد حل اور نوجوانوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں بند کرنے پر زور

بدھ 21 مارچ 2018 11:10

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) سرینگر میںایک سیمینار کے مقررین نے مسئلہ کشمیر کے جلد حل اور کشمیری نوجوانوں کے خلاف بھارتی فورسز کی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند کرنے پر زوردیا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ’’مسئلہ کشمیر اور نوجوانوں کے کردار ‘‘کے موضوع پر سیمینار کا اہتمام جموںوکشمیر یوتھ فورم نے سرینگر میں کیاتھا ۔

سیمینار میں نوجوانوں اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تحریک حریت جموںوکشمیر کے رفیق احمد شاہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے نوجوانوںپر زوردیا کہ وہ حریت قیادت پر پورا یقین رکھیں۔ انہوںنے جدوجہد آزادی کشمیرمیںطلباء کے اہم کردارکوبھی اجاگر کیا۔ یوتھ فورم کے قائم مقام چیئرمین عمر رفیق نے اس موقع پر کہاکہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوںکو مسلسل مشکلات کا سامنا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ جدوجہد آزادی کشمیر کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ سیمینارسے مختلف طلباء نے بھی خطاب کیا اور مقبوضہ کشمیرخاص طورپر شہری علاقوںمیں بڑی تعداد میں بھارتی فورسز کی تعیناتی کے باعث کشمیری عوام کو درپیش مشکلات کے بارے میں بات کی ۔ انہوںنے کہاکہ بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی موجودگی کی وجہ سے کشمیری عوام میں عدم تحفظ اور خوف بڑھ رہا ہے۔