ریاست چلانے کیلئے اچھی قیادت کے ساتھ شفاف جمہوری عمل کا ہونا ضروری ہے، ضلعی الیکشن کمشنر مانسہرہ

بدھ 21 مارچ 2018 11:00

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) ضلعی الیکشن کمشنر مانسہرہ عزیز بہادر نے کہا ہے کہ ریاست چلانے کیلئے اچھی قیادت کی ضرورت ہے، اچھی قیادت کے چنائو کیلئے شفاف جمہوری عمل کا ہونا ضروری ہے، جمہوری عمل کو کامیاب بنانے کیلئے موثر کردار شہری ہی ادا کر سکتے ہیں، شہری ہی ووٹ کا استعمال فرض سمجھ کر سکتے ہیں۔ وہ بدھ کو ایک سرکاری اور غیر سرکاری افسران پر مشتمل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہری جب ایک بہترین امیدوار کا انتخابات کر تے ہیں توہ معاشرے پر اثر انداز ہو کر مسائل کے حل کے سلسلہ میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، ریاست میں 18 سال سے زائد عمر کے مرد، عورت، نوجوان، معذور افراد، خواجہ سرا اور اقلتیوں سے تعلق رکھنے والے ووٹ دینے کا برابر حق رکھتے ہیں، ووٹ کا اندراج مقررہ تاریخ کے ختم ہو نے سے پہلے ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر عزیز بہادر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں خواتین کی آبادی زیادہ ہے لیکن مردوں کے مقابلے میں خواتین ووٹرز کی تعداد کم ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ خواتین کے شناختی کارڈ نہیں ہوتے، قومی شناختی کارڈ کے حصول اور ووٹ کے اندراج کیلئے رضاکارانہ طور پر کام کر نے والے غیر سرکاری اور دیگر سرکاری ادارے شہریوں کی حوصلہ افزائی اور مدد کریں۔ اجلاس میں موجود اداروں کے نمائندگان نے اس ضمن میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :