موجودہ بلدیاتی نظام منتخب نمائندوں کے ذریعہ مقامی سطح پراپنے مسائل خود حل کرنے کے حوالہ سے ایک بہترین نظام ہے

ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ہزارہ ریجن محمد سعید وزیر کا جناح پلازہ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں خطاب

بدھ 21 مارچ 2018 11:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ہزارہ ریجن محمد سعید وزیر نے کہا ہے کہ موجودہ بلدیاتی نظام منتخب نمائندوں کے ذریعہ مقامی سطح پراپنے مسائل خود حل کرنے کے حوالہ سے ایک بہترین نظام ہے، ہمیں ورثہ میں ملنے والے نو آبادیاتی نظام میں ملک اور عوام کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہی نہیں، ایبٹ آباد پڑھے لکھے لوگوں کا شہر ہے، ایبٹ آباد شہر میں ٹریفک اور شہریوں کو درپیش دیگر مسائل حل کرنے میں ٹی ایم اے کا کردار قابل تحسین ہے، عوام آئندہ بھی ایسے نمائندے منتخب کریں جو شہریوں کی مشکلات دور کرنے کا جذبہ رکھتے ہوں، جناح پلازہ کی تعمیر سے شہر میں پارکنگ اور تاجروں کو درپیش دیگر مسائل حل ہوں گے۔

وہ منگل کو ٹی ایم اے ایبٹ آباد میں 50 کروڑ روپے کی لاگت سے جناح پلازہ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید اشفاق انور، تحصیل ناظم محمد اسحاق ذکر یا، نائب ناظم سردار شجاع احمد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ ڈی آئی جی محمد سعید وزیر نے کہا کہ ایبٹ آباد امن پسند اور تعلیم یافتہ لوگوں کا شہر ہے اس لئے ہمیں یقین رکھنا چاہئے کہ یہاں کے شہری اپنے نمائندوں کے ذریعہ شہر کی ترقی کے جو فیصلے کریں گے وہ یقیناً شہریوںکے مفاد میں ہوں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی اور سید اشفاق انور نے پلازہ کی تعمیر کے فیصلہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت ایبٹ آباد شہر کو ٹریفک اور پینے کے صاف پانی کی قلت کے مسائل درپیش ہیں، شہر میں مزید فلٹریشن پلانٹ نصب کرنے سے پانی کا مسئلہ حل ہو گا جبکہ ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ضروری ہے کہ بسیں بھی چلائی جائیںجس کیلئے پولیس کو شہریوں اور ان کے نمائندوں کا تعاون درکار ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحصیل ناظم اسحاق ذکریا نے بتایا کہ صوبہ کی تاریخ میں ایبٹ آباد میں سب سے بڑا پلازہ سیلف فنانس پر شروع کیا جا رہا ہے، اس پلازے کی تعمیر میں جن لوگوں نے تعاون کیا ٹی ایم اے ان کا مشکور ہے، اس پلازہ کی تعمیر سے ٹی ایم اے کی مستقل آمدن شروع ہو جائے گی اور ایک ارب روپے تک پریمیئم کے حصو ل کا تخمینہ لگایا گیا ہے، اس پلازہ میں 200 گاڑیوں کی پارکنگ، 250 دکانیں، فلیٹ اور دفا تر تعمیر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی سالوں میں ممبران تحصیل کونسل کی مدد سے ٹی ایم اے میں ایک پیسہ کی کرپشن نہیں ہوئی جس کی بدولت آج اتنے بڑے کام ہو رہے ہیں اور ٹی ایم اے ایبٹ آباد ایک مال دار ادارہ بن گیا ہے۔