ڈی پی او ایبٹ آباد سید اشفاق انور کی منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان، اطلاع کیلئے موبائل نمبر جاری کردیا

بدھ 21 مارچ 2018 11:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) ڈی پی او ایبٹ آباد نے منشیات فروشوں کی اطلاع کیلئے موبائل نمبر جاری کر دیا ہے۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور کے موبائل نمبر 03461119651 پر ضلع بھر میں منشیات فروشی کے متعلق عوام الناس اپنی ایمانداری کے ساتھ اطلاع دیں تاکہ ضلع بھر کو منشیات جیسے ناسور سے پاک کیا جا سکے۔

ڈی پی او ایبٹ آباد کی عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل ہے۔ اس سلسلہ میں ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور کی زیر صدارت میٹنگ ہوئی جس میں تمام ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو حکم دیا کہ وہ اپنے علاقہ میں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی شروع کریں کیونکہ منشیات ایک لعنت ہے اور معاشرے کو اس لعنت سے چھٹکارا دلانا انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلیں تباہ کاری کی طرف جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں عوام کے ساتھ رابطہ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں مقامی ایس ایچ اوز صاحبان مساجد کا دورہ کریں گے اور عوام الناس سے منشیات فروشی کے خلاف تعاون کی اپیل کریں گے۔ منشیات فروشی کے خلاف مہم کا آغاز کرتے ہوئے ضلع پولیس ایبٹ آباد کی طرف سے عوام الناس کی آگاہی کیلئے پمفلٹس تقسیم کئے گئے جس میں ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد کا موبائل نمبر03461119651 آویزاں ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف عوام الناس ایمانداری کے ساتھ درج بالا نمبر پر اطلاع دیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

ضلعی پولیس آفیسر ایبٹ آباد نے اس بات کا مصمم ارادہ کیا ہے کہ منشیات فروشی کی لعنت کو ضلع بھر سے ختم کرنے کیلئے بھرپور کوشش کریں گے کیونکہ یہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کی دشمن ہے۔ ضلع پولیس آفیسر ایبٹ آباد نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ ایمانداری کے ساتھ منشیات فروشوںکے متعلق اطلاع دیں اور اپنے شہر کو منشیات جیسی لعنت سے چھٹکارا دلانے میں ایبٹ آباد پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔

متعلقہ عنوان :