نجی کلینک میں نمبر تاخیر سے آنے پر شوگر کے مرض میں مبتلا مریضہ کلینک کے باہر دم توڑ گئی

بدھ 21 مارچ 2018 11:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) نجی کلینک میں نمبر تاخیر سے آنے پر شوگر کے مرض میں مبتلا مریضہ کلینک کے باہر دم توڑ گئی۔ مریضہ کے لواحقین نے نعش سڑک پر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کے دوران خودسر ڈاکٹر کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے، پولیس کی بھاری نفری پہنچ آئی اور سڑک ٹریفک کیلئے بحال کروائی۔

(جاری ہے)

شیروان کی رہائشی خاتون صنوبر بی بی بیوہ گل حسن کو ٹانگ میں تکلیف ہوئی، مریضہ کو چیک اپ کیلئے ایوب ٹیچنگ ہسپتال لایا گیا جہاں مریضہ کا شوگر ہائی ہونے کے باعث ڈاکٹروں نے انجکشن نہیں لگایا جس پر مریضہ کے لواحقین اسے اعوان پلازہ میں واقع ڈاکٹر جہانزیب کی کلینک لائے جہاں مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث خاتون کے نمبر میں تاخیر ہوئی۔

مریضہ کلینک کے باہر ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر دم توڑ گئی۔ خاتون کے ورثاء نے نعش سڑک پر رکھ کر شاہراہ ریشم بلاک کر دی۔ مظاہرین ڈاکٹر جہانزیب کے خلاف مقدمہ کے اندران کا مطالبہ کر رہے تھے۔ روڈ بلاک کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ میرپور سردار رفیق پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ آئے اور مظاہرین سے مذاکرات کے بعد شاہراہ ریشم ٹریفک کیلئے بحال کروائی۔