ہری پور، رکشہ یونین کے عہدیداران کی انچارج ٹریفک پولیس الیاس فرید سے ملاقات

بدھ 21 مارچ 2018 11:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) ہری پور کے رکشہ یونین کے عہدیداران نے انچارج ٹریفک پولیس الیاس فرید سے ملاقات کی اور رکشوں کے کرائے اور ڈرائیوروں کو درپیش مسائل کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔ رکشہ یونین کے صدر سردار ضیاء اور جنرل سیکرٹری اعظم خان، ماما حبیب الرحمن کی قیادت میں ایک نمائندہ وفد نے انچارج ٹریفک پولیس الیاس فرید سے ٹریفک آفس میں ملاقات کی۔

الیاس فرید نے یونین کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ موجودہ ملکی صورت حال کے پیش نظر رکشہ مالکان اور ڈرائیور سیکورٹی امور پر خصوصی توجہ دیں، سواریوں پر گہر ی نظر رکھیں اورکسی بھی مشکوک سواری بیٹھنے یا مشکوک سامان نظر آنے پر فوری پولیس کو اطلاع کی جائے اور نزدیکی پولیس چیک پوسٹ پر روک کر چیکنک کروائی جائے، اسی طرح رکشوں پر حفاظتی اقدامات کے حوالہ سے پینا فلیکس بھی لگائے جائیں۔

(جاری ہے)

الیاس فرید نے رکشہ یونین کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ سواریوں کے ساتھ اخلاق سے پیش آئیں۔ رکشہ یونین کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ موجودہ مہنگائی کے تناسب سے رکشہ کے کرائے بڑھائے جائیں اور مین بازار میں رکشوں کے چالان نہ کئے جائیں کیونکہ اگر کسی نے مین بازار میں جانا ہے تو رکشہ سواری کو اتارکر شیرانوالہ گیٹ یا دیگر ملحقہ راستوں سے باہر نکلتا ہے اس دوران اگر رکشہ میں سواری نہ بیٹھی ہو تو پولیس اہلکار چالان کر دیتے ہیں۔ ملاقات میں تمام مسائل کے حل کیلئے مل جل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :