اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہماری پانچ سالہ محنت اور کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، اکبر ایوب خان

بدھ 21 مارچ 2018 11:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) اربوں روپے کے ترقیاتی کام ہماری پانچ سالہ محنت اور کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، آئند ہ عام انتخابات میں انشاء الله عوامی عدالت میں کارکردگی کی بنیاد پر حاضری دیں گے، دوبارہ بھی سرخرو ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر اکبر ایوب خان نے سرائے نعمت خان میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی مشیر اکبر ایوب خان نے کہا کہ اب زبانی جمع تفریق کا وقت گذر چکا ہے، عوام با شعور ہو چکے ہیں اور وہ گذشتہ 10 سالوں سے ہمارے دور اقتدار کا موازنہ کر چکے ہیں، انصاف کا ترازو عوام کے ہاتھ میں ووٹ کی پرچی کی صورت میں موجود ہے، ہمیں امید ہے کہ سو فیصد کام تو ہم نہ کر سکے مگر دونوں بھائیوں نے اپنے بساط کے مطابق شب و روز کی محنت اور کوششوں سے انتہائی پسماندہ یو سیز کے عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں، اربوں روپے کے میگا پراجیکٹس کے ثمرات بہت جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ آئندہ دور اقتدار تحریک انصاف کا ہو گا۔ اس موقع پر حاجی خیبر زمان نے اپنی برادری سمیت شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔