ڈی ایف آئی ڈی کا پراجیکٹ آئی ایم یو تعلیمی نظام کیلئے زہر قاتل ہے، حکومت نوٹیفکیشن منسوخ کرے، صوبائی صدر پن

بدھ 21 مارچ 2018 11:00

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک کے صوبائی صدر محمد سلیم خان نے کہا ہے کہ ڈی ایف آئی ڈی کا پراجیکٹ آئی ایم یو ہمارے تعلیمی نظام کیلئے زہر قاتل ہے، ہم اپنی آنے والی نسلوں کو غیر مسلموں کے چنگل میں نہیں جانے دیں گے، صوبائی حکومت آئی ایم یو سے متعلقہ حالیہ نوٹیفکیشن فی الفور منسوخ کرے بصورت دیگر ہم اپنا احتجاج اور انصاف کیلئے عدالت جانے کا حق محفوظ رکھتے ہیں، ملکی سطح پر سرگرم تعلیم دشمن قوتوں کا راستہ روکنے کیلئے تمام علم دوست احباب اور محب وطن تنظیمیں ہمارا ساتھ دیکر تعلیم بچائو مہم کا حصہ بنیں۔

وہ بدھ کو نجی تعلیمی اداروں کے تحفظات بارے تنظیمی عہدیداران اور سینئر وکلاء سے مشاورت کے بعد میڈیا سے خصوصی بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ پن کے صوبائی جنرل سیکرٹری عطاء الرحمان بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تعلیم دشمن قوتوں کا ایجنڈا کسی صورت مسلط نہیں ہونے دیں گے، آئی ایم یو کی تین سالہ کارکردگی میں صوبہ کے ہر ضلع میں درجنوں سرکاری سکول بند ہو گئے نہ کہ ان میں اضافہ ہوا، اب آئی ایم یو کی تلوار نجی سکولوں پر چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈی ایف آئی ڈی اور آئی ایم یو بیرونی ایجنڈا مسلط کرنے کا راستہ ہیں جسے بند کرنے کیلئے ہم میدان میں نکل آئے ہیں، ہم تمام علم دوست حلقوں کو اپنی اس مہم کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔

متعلقہ عنوان :