پہلی بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کیلئے کراچی کنگز کو آخری موقع پشاور زلمی کیخلاف ملے گا،آج کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم کا اسلام آباد سے ٹکراو ہوگا،ڈیرن سیمی الیون نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے میں صرف ایک رن سے شکست دیکر ٹائٹل کے دفاع کی امیدیں زندہ رکھیں

بدھ 21 مارچ 2018 01:20

پہلی بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کیلئے کراچی کنگز کو آخری موقع پشاور ..
لاہور۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) پہلی بار پی ایس ایل کا فائنل کھیلنے کیلئے کراچی کنگز کو آخری موقع پشاور زلمی کیخلاف ملے گا،آج کھیلے جانے والے میچ کی فاتح ٹیم کا اسلام آباد سے ٹکراو ہوگا،ڈیرن سیمی الیون نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سنسنی خیز مقابلے میں صرف ایک رن سے شکست دیکر ٹائٹل کے دفاع کی امیدیں زندہ رکھیں،انور علی کی جارحیت بھی شکست کا رخ نہ موڑ سکی،عماد وسیم کے بعد عبوری کپتان ایون مورگن سے بھی محروم کراچی کنگز کے شاہد آفریدی کی شرکت بھی مشکوک ہے، غیر ملکی کرکٹرز جوئے ڈینلے، کولن انگرام، ٹائمل ملز، روی بوپارا اور ڈیوڈ ویز سلیکشن کیلئے دستیاب ہیں،محمد رضوان، محمد عامر، ٹائمل ملز، عثمان شنواری اور محمد عرفان جونیئر بھی موجود ہونگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دبئی میں کھیلے جانے والے پلے آف میچ میں لیگ مرحلے کی سرفہرست ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے دوسرے نمبر پر آنے والے کراچی کنگز کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے براہ راست فائنل تک رسائی حاصل کرلی تھی،فیصلہ کن جنگ کیلئے خود کو اہل ثابت کرنے کیلیے کراچی کو دوسرا اور آخری موقع تیسری پوزیشن کی حامل پشاور زلمی اور چوتھے نمبر پر آنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کی فاتح ٹیم کیخلاف ملنا تھا،منگل کو پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوایک رن سے مات دیکر پیش قدمی جاری رکھی،ڈیرن سیمی الیون نے اپنے سب سے کامیاب بیٹسمین کامران اکمل(0)سے ابتدا میں محروم ہونے کے بعد آندرے فلیچر(1)کا نقصان بھی اٹھایا لیکن محمد حفیظ(25)،تمیم اقبال(27)اور لیام ڈاسن(62) نے اننگز کا سہارا دیتے ہوئے بیٹنگ لائن کی لاج رکھی اور ٹیم کا ٹوٹل 157تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا،راحت علی نے 4وشکار کئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جوابی اننگز میں حسن علی نے اننگز کی پہلی گیند پر اسد شفیق اور اپنے دوسرے اوور کی پہلی بال پر انہوں نے کوہلر کیڈمور(5)کو بھی چلتا کرکے حریف کو پریشان کیا،محمد نواز اور کپتان سرفراز احمد نے 35،35 رنز کی اننگز میں ٹوٹل کو 80تک لیجاکر فتح کی امید دلائی لیکن ثمین گل نے دونوں کو مسلسل دو گیندوں پر پویلین بھیج دیا،30گیندوں پر 46 رنز درکار تھے کہ عمید آصف نے محموداللہ(19)کے بعد رلی روسو(8)کو بھی چلتا کردیا،وہاب ریاض نے تھشارا پریرا(12) کے بعد حسان خان کو کھاتہ کھولنے سے قبل ہی زیر کردیا تو آخری اوور میں 25رنز کا مشکل سفر طے کرتے ہوئے انور علی نے 3چھکوں سمیت ڈاسن کو 22رنز جڑ دیئے لیکن آخری گیند پر ایک رن مکمل کرکے دوسرا بناتے ہوئے میر حمزہ رن آوٹ ہوگئے،پشاور زلمی نے دوسرا الیمنیٹر کھیلنے کا موقع حاصل کرلیا،انور علی 28پر ناقابل شکست رہے۔

کراچی کنگز کو فائنل تک رسائی کیلئے بدھ کو ایلیمنیٹر ون کی فاتح ٹیم سے اب لاہور میں ہی مقابلہ کرنا ہے، اسلام یونائیٹڈ کیخلاف پلے آف میچ میں بدترین ناکامی سے دوچار ہونے والی یہ ٹیم انجرڈ عماد وسیم کی جگہ قیادت کرنے والے ایون مورگن سے بھی محروم ہوچکی، انہوں نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا، پلے آف میں خرم منظور، جوئے ڈینلی، بابر اعظم، کولن انگرام، شاہد آفریدی، محمد رضوان، محمد عامر، ٹائمل ملز، عثمان شنواری اور محمد عرفان جونیئر نے حصہ لیا تھا، آج کے میچ میں غیر ملکی کرکٹرز جوئے ڈینلے، کولن انگرام، ٹائمل ملز، روی بوپارا اور ڈیوڈ ویز سلیکشن کیلئے دستاب ہیں، شاہد آفریدی گزشتہ میچ میں پوری طرح فٹ نظر نہیں آرہے تھے، ان کی شمولیت پر شکوک کے بادل منڈلا رہے ہیں۔

دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے جارح مزاج بیٹسمین ڈیوائن سمتھ نے خاندانی وجوہات کے سبب پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جبکہ کپتان ڈیرن سیمی،تمیم اقبال، آندرے فلیچر، لیام ڈاسن لاہور پہنچے اور الیمنیٹر ون میچ بھی کھیلا، کرس جورڈن اور رکی ویسلز کی صورت میں غیر ملکی بنچ پاور بھی موجود ہے، لیام ڈاوسن اچھی فارم میں نظر آئے، کامران اکمل، محمد حفیظ، سعد نسیم بیٹنگ کو تقویت دینے کیلیے موجود ہیں، پیس بیٹری میں حسن علی اور وہاب ریاض، عمید آصف اور ثمین گل جیسے بولرز شامل ہیں،المنیٹر ون نہ کھیل پانے والے خوشدل شاہ،خالد عثمان اور محمد اصغر میں سے کسی ایک کو بھی ضرورت کے مطابق موقع دیا جاسکتا ہے۔