پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ٹیم کی بدقسمتی کی وجہ سے ہارے،اگلے سال بہتر پرفارمنس دیں گے،معین خان

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف جیت ٹیم ورک کا نیتجہ تھی ،وہاب ریاض

بدھ 21 مارچ 2018 01:00

پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ٹیم کی بدقسمتی کی وجہ سے ہارے،اگلے سال بہتر ..
لاہور ۔20 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مارچ2018ء) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے کہا ہے کہ پشاور زلمی کے خلاف میچ ٹیم کی بدقسمتی کی وجہ سے ہارے،اگلے سال بہتر پرفارمنس دیں گے ۔پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو رکرتے ہوئے معین خان نے کہاکہ میچ میں ہمارے بلے بازوں سے کافی غلطیاں ہوئیں جبکہ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ایک اوور میں ہماری دو وکٹوں کا گرنا تھا ۔

ہمارے بلے باز نے آخری گیند تک جیت کی کوشش کی، تاہم قسمت ہمارے حق میں نہ تھی ۔آخری اوور کی آخری گیند پر تین سکور چاہئے تھا بلے باز دو بنا لیتے تو میچ سپر اوور تک چلا جاتا ۔معین خان نے کہاکہ شین واٹسن سمیت دیگر غیر ملکی پلیئرز کمٹمنٹ کے باوجود پاکستان میچ کھیلنے کے لئے نہیں آئے جس کا نقصان کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو ہوا ۔

(جاری ہے)

پی سی بی کو چاہئے کہ آئندہ انہیں پلیئرز کو ڈرافٹ میں شامل کرے جو پاکستان انے کے لئے رضا مندی ظاہر کریں ۔

علاوہ ازیں پشاور زلمی کے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف جیت ٹیم ورک کا نیتجہ تھی ۔ہمارے ٹیم کے ہر کھلاڑی نے فتح میں کردار ادا کیا ۔انہوں نے کہاکہ آخری اوورز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 25سکور چاہئے تھا جو کہ مشکل تھا تاہم ان کے بلے باز نے اچھی کارکردگی دکھائی اور میچ کو جیت کے کنارے پر لے گئے تاہم جیت پشاور زلمی کا مقدر بنی ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کنگر کی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے ۔ان کی ٹیم اچھی ہے اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملے گا ۔انہوں نے کہاکہ پشاور زلمی کا کمبی نیشن اچھا ہے،اس کو برقرار رکھیں گے ۔