ایبٹ آباد یونیورسٹی کے زیراہتمام سمسٹر امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء کو اسناد دینے کے حوالہ سے تقریب

منگل 20 مارچ 2018 23:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) شعبہ مینجمنٹ سائنسز ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام سمسٹر امتحانات میں نمایاں پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات کو اسناد دینے کے حوالہ سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تھے۔ قبل ازیں ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر مدثر خان نے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کی سالانہ کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی بھرپور رہنمائی اور حوصلہ افزائی سے شعبہ مینجمنٹ سائنسز اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے اپنا مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر مدثر نے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کی کارکردگی کی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپنے خطاب کے دوران وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخارا حمد نے کہا کہ قوم یونیورسٹیز سے فارغ التحصیل طلبہ سے سو فیصد نتائج کی توقع کر رہی ہے لیکن اس نظام تعلیم میں رہتے ہوئے ہم انہیں سو فیصد نتائج نہیں دے سکتے ہیں، ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے طلبہ میں بہت ٹیلنٹ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ انہیں مناسب پلیٹ فارم مہیا کیا جائے اور ان کی رہنمائی کی جائے تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو نکھار کر سامنے لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ آج طلبہ کی پرفارمنس دیکھ کر انتہائی خوشی اور اطمینان ہو رہا ہے کہ ان طلبہ کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے اساتذہ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نصابی کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیاں بھی انتہائی ضروری ہیں جو طلباء و طالبات کو آنے والے وقت کیلئے تیار کرنے میں بھرپور مدد دیتی ہیں، اس بات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کوئی ایک قابل استاد اگر طلباء کو بھرپور تیاری کے ساتھ بھی پڑھائے تو وہ طلبہ کو صرف پانچ فیصد تک علم منتقل کر سکتا ہے جبکہ علمی تجربات اور تحقیقی کام اس سے کئی گنا زیادہ علم منتقل کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ہمیں دو چیزوں پر سوچنا ہو گا، ایک اپنے رویوں کی تبدیلی اور دوسرا ہمیں محنت پر یقین قائم کرنا ہو گا، تب ہم اپنے مقاصد میں کامیاب اور قوم کی توقعات پر پورا اتر سکیں گے۔ انہوں نے مینجمنٹ سائنسز ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ اور دیگر منتظمین کو بہترین تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ آخر میں امتحانات میں اول، دوئم اور سوئم آنے والے طلباء کو اسناد پیش کیں۔