میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو" کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کئے جا رہے ہیں، شبیر حسین چاولہ

منگل 20 مارچ 2018 23:31

میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو" کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کئے ..
فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2018ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے کہا ہے کہ 24/25 مارچ کو لاہور میں ہونے والی " میڈ اِن فیصل آباد ایکسپو" کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ وہ گوجرہ سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ آرٹسٹ، ڈیزائنر، تحقیق کار، صحافی، کالم نویس اور سابق بینک آفیسر چوہدری عبدالطیف سہوسے گفتگو کر رہے تھے جنہوںنے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔

عبدالطیف سہو نے کہا کہ وہ اس ایکسپو میں پنجابی پگڑیوں اور دیگر فن پاروں کی نمائش کریں گے۔ انہوں نے اس ایکسپو کو فیصل آباد اور اس پورے علاقے کی تخلیقات کو نمایاں کرنے کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا اور کہا کہ اس سے فیصل آباد کے سافٹ امیچ کو نمایاں کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ وہ اس سے قبل اپنے تخلیق کردہ نامور فن پاروں کی نمائش دبئی گلوبل ویلج،رچڈل اسلامی آرٹ گیلری انگلینڈ ، مسجد نبویؐ کی اسلامی آرٹ گیلری اور مکہ میوزیم میں بھی کر چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مسجد نبوی ؐ کی اسلامی آرٹ گیلری اور مکہ میوزیم کی طرف سے انہیں استاد الفنان کے خطاب اور سند سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اگرچہ پنجاب کی ثقافت کو نمایاں کر رہے ہیں لیکن ان کی تمام تر کوششوں کا محور فیصل آباد کا ویژن ہے جس نے زندگی کے تقریباً ہر شعبہ کیلئے انتہائی نامور شخصیات کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والی میڈ اِن فیصل آباد نمائش میں یقیناً ان کی تخلیق کردہ پگڑیوں کو خصوصی پذیرائی ملے گی۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شبیر حسین چاولہ نے بھی انہیں اس نمائش میں شرکت کے سلسلہ میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ۔ اس ملاقات کے دوران فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عثمان رؤف ، سابق سینئر نائب صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں، سید خالد محمود شاہ، عبدالقیوم شیخ اور دیگر ممبران بھی موجود تھے۔