راولپنڈی ، مریم نواز شریف کیخلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے 22Aکے تحت دائر درخواست

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے سٹی پولیس افسراور ایس ایچ او سٹی سے 27 مارچ کوجواب طلب کر لیا

منگل 20 مارچ 2018 23:29

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2018ء) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی گلزار احمد خالد نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی بیٹی مریم نواز شریف کیخلاف مقدمہ کے اندراج کے لیے 22Aکے تحت دائر درخواست پر سٹی پولیس افسرراولپنڈی اسرار احمد عباسی اور ایس ایچ او سٹی سے 27 مارچ بروز ہفتہ جواب طلب کر لیا،راجہ جاوید ولد محمد گلزار نے اپنے وکلا ثنا اللہ ایڈووکیٹ اور افشاں اقبال ایڈووکیٹ زیر دفعہ 22-A درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ مریم نواز شریف نے راولپنڈی میں سوشل میڈیا کنونشن میں تقریر کرتے ہوئے خود کو بی بی فاطمہ سے تشبیہ دینے کی ناپاک جسارت کی ہے جبکہ نواز شریف کوبھی پاک ہستی سے جوڑنے کی کوشش کی جو تعزیرات پاکستان کے تحت جرم ہے لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے، سائل اور اسکے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ وہ قانونی کارروائی کیلئے یہ درخواست لے کر ایس ایچ او سٹی اور سی پی او اسرار احمد عباسی راولپنڈی کے پاس گئے لیکن انہوں نے اس درخواست پر کوئی کارروائی نہیںکی دائر درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج گلزار احمد خالد نے سی پی او اور ایس ایچ او سٹی سے 27 مارچ بروز ہفتہ جواب طلب کر لیا ہے