معاشرے کے غریب طبقات کی خدمت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،شاہد خاقان عباسی

سود سے پاک قرضہ سکیم کے دائرہ کار کو توسیع دینے ،اس مقصد کیلئے زیادہ سے زیادہ مالیاتی وسائل کی تخصیص کیلئے تمام تر کوششوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے، وزیراعظم کا اجلاس سے خطاب

منگل 20 مارچ 2018 23:11

معاشرے کے غریب طبقات کی خدمت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،شاہد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معاشرے کے غریب طبقات کی خدمت موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ،سود سے پاک قرضہ سکیم کے دائرہ کار کو توسیع دینے ،اس مقصد کیلئے زیادہ سے زیادہ مالیاتی وسائل کی تخصیص کیلئے تمام تر کوششوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یہ بات منگل کو سود سے پاک قرضہ سکیم (پی ایم آئی ایف ایل) پر پیشرفت کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں پی ایم آئی ایف ایل کی سٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب، تخفیف غربت فنڈ (پی پی اے ایف) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی عظمت عیسی، سیمی صدف کمال اور سینئر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ موجودہ حکومت کی جانب سے غربت کے خاتمہ کے اقدام کے ضمن میں سود سے پاک قرضہ سکیم کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے، دنیا بھر میں غربت کی لعنت کے خاتمہ کیلئے اسے ایک مؤثر سکیم کے طور پر تسلیم کیا جا رہا ہے اور اس سے غریب اور کم آمدنی والے افراد کو باعزت روزی کمانے کے مواقع مل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت اب تک 9.7 ارب روپے مالیت کے قرضے دیئے جا چکے ہیں، فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 4 لاکھ 9 ہزار 805 قرضے دیئے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ان قرضوں کی 99 فیصد ریکوری اس منصوبے کی کامیابی کا مظہر ہے۔ وزیراعظم نے پروگرام پر ہونے والی پیشرفت پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے پروگرام کو شفاف اور مؤثر انداز میں چلانے پر پاکستان تخفیف غربت فنڈ (پی پی اے ایف) کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے غریب طبقات کی خدمت موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور وزیراعظم کے سود سے پاک قرضہ سکیم کے دائرہ کار کو توسیع دینے اور اس مقصد کیلئے زیادہ سے زیادہ مالیاتی وسائل کی تخصیص کیلئے تمام تر کوششوں کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔