محکمہ تعلیم سے ہمیں سیاسی اثر ورسوخ کوختم کرنا ہوگا،محمدعاطف

ہمارے صوبے میں سکولوں اور عملے کی تعداد بہت زیادہ ہے اورہم نے ان کو صحیح سمت پرگامزن بھی کردیاہے،وزیرتعلیم خیبرپختونخوا

منگل 20 مارچ 2018 22:58

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) صوبائی وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم سے ہمیں سیاسی اثر ورسوخ کوختم کرنا ہوگاکیونکہ محکمہ تعلیم کا کام ہے عوام کو تعلیم دینا مگر بدقسمتی سے سابقہ ادوار میں اس اہم شعبے کو سیاسی اثر ورسوخ کے طورپر استعمال کیا گیا اور اپنے لوگوں کو نوازنے کے لئے نوکریاں دی جاتی تھیںاور اساتذہ کے تبادلوں پر سیاست کی جاتی تھی وہ پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں الف اعلان کی طرف سے حکومت خیبر پختونخواکی پانچ سالہ تعلیمی اصلاحات کی رپورٹ پیش کئے جانے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے گفتگو کر رہے تھے۔

اس موقع پر ارم ممتاز ایجوکیشن سپیشلسٹ ، محسن داوڑ سینٹرل پریزڈنٹ این ۔ وائی۔ او ، تیمور خان جاگرا، ہینڈ آف الیکشن پالیسی یونٹ پی ٹی آئی مشرف زیدی کمپیئن ڈائریکٹر الف اعلان، سردار حسین بابک ایم پی اے ، بیرسٹر سید مسرور شاہ، سینیٹر عثمان خان کاکڑ، ولید بزنجو، ثناء اللہ بلوچ ، شگفتہ ملک فیصلہ سبزواری، ڈاکٹر معراج الہدیٰ اور دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

محمد عاطف خان نے کہا کہ ہر حکومت کو چاہئے کہ سابقہ حکومت کے اچھے پراجیکٹس کورواںرکھے تاکہ عوام کو سہولیات ملتی رہیں انہو ںنے کہاکہ قومیں تعلیم کے ذریعے ترقی کرتی ہیں نہ کہ گلی اور نالی کوچوں کی تعمیرومرمت سے ،میری ووٹرز سے بھی درخواست ہے کہ ان لوگوں کو ووٹ دیں جن کی بنیادی ترجیح تعلیم ہو۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ میں نے اپنی پانچ سالہ وزارت میں کوشش کی ہے کہ تعلیم میں اصلاحات کے ذریعے تبدیلی لاسکوں، عوام کو وہ سہولیات دے سکوں جو کہ ان کا بنیادی حق ہے اور محکمہ تعلیم کا ایک ایسا ڈھانچہ تیار کرسکیں کہ بعد میں آنے والے وزراء کوکسی بھی مشکلات کاسامنا نہ ہوں،ایک ایسا سسٹم موجود ہو جس کے تحت میرٹ پر فیصلے ہوتے رہیں۔

انہو ںنے کہاکہ ہمارے صوبے میں سکولوں اور عملے کی تعداد بہت زیادہ ہے اورہم نے ان کو صحیح سمت پرگامزن بھی کردیاہے ۔اب جتنی بھی بھرتیاں ہوں گی سب میرٹ پرہوںگی اورصوبے کے ذہین اور قابل لوگوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں گے تاکہ ہمارا آنے والاکل روشن اورتابناک ہو۔ محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے تعلیمی بجٹ میں بے پناہ اضافہ کیا اور سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی پر کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں۔

انہوں کہا کہ ہمارے دور حکومت میں 70 سے 80 فیصد بنیادی کام مکمل کرلیاہے اور اب سرکاری سکولوں کے معیار تعلیم اورنتائج میں بہت بہتری آئی ہے تاہم ابھی بھی بہت کام کرنا باقی ہے تاکہ ہم اپنے تعلیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بناسکیںکیونکہ تعلیم کے ذریعے ہی ہم اداروں کو درست سمت پر گامزن کرسکتے ہیں ۔ہم روزگار کے نئے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں ۔

ہماری جمہوریت مضبوط ہوسکتی ہے اور ہماری معیشت مستحکم ہوسکتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں محمد عاطف خان نے کہا کہ پہلے ہی دن سے تعلیم ہماری ترجیح رہی ہے اور تعلیم کی بہتری کے لئے میری خدمات ہروقت دستیاب ہوںگی۔ انہو ںنے کہاکہ پانچ سالہ وزارت میں ہم نے بنیادی سہولیات کیساتھ ساتھ تعلیمی اصلاحات پر بھی بھرپور توجہ دی اور سکولوں میں سہولیات کی فراوانی کیساتھ ساتھ اساتذہ ٹریننگ اور آزاد مانیٹرنگ یونٹ کا قیام بھی عمل میںلایا گیا تاکہ اساتذہ اور طلباء کی حاضریوں کو یقینی بنایاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :