گورنرہاؤس پشاورمیں فاٹاکے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2017-18 کا جائزہ اجلاس

فاٹاسیکرٹریٹ حکام اورپولیٹیکل ایجنٹس فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں،اقبال جھگڑا

منگل 20 مارچ 2018 22:41

گورنرہاؤس پشاورمیں فاٹاکے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2017-18 کا جائزہ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے فاٹاسیکرٹریٹ کے متعلقہ حکام اورپولیٹیکل ایجنٹس کو ہدایت کی ہے کہ وہ فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں اور ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت کے اندر معیاری انداز میں مکمل کریں۔ گورنرنے فاسٹ ٹریک سکیموں کی جلد تکمیل کیلئے مکمل فنڈنگ کی بھی ہدایت کی ہے۔

وہ منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں فاٹاکے سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2017-18 کی جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سکندرقیوم ، سیکرٹری پی اینڈڈی فاٹا زبیرقریشی اورفاٹاسیکرٹریٹ کے دیگرمتعلقہ شعبوں کے سربراہان سمیت تمام پولیٹیکل ایجنٹس ، ایف ڈی اے اورٹیسکو کے حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری پی اینڈڈی فاٹازبیرقریشی کی جانب سے گورنرکوسالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی پلاننگ ڈویژن کی ہدایات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھایاجائے اورمقررہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایاجائے۔ گورنرنے ہدایت کی کہ ترقیاتی عمل میں عوامی نمائندوں کو اعتماد میں لیاجائے اورسڑکوں کی تعمیر میں گوگل میپ کو فالوکیاجائے۔ اجلاس میں فاٹا کے محکموں میں پلاننگ کیڈرکی اصولی منظوری بھی دی گئی۔