کراچی،مذہبی جماعتوں کی کامیابی کے امکانات جتنے 2018 کے الیکشن میں نظر آرہے ہیں ماضی میں کبھی نہیں تھے ،سینیٹر پروفیسر ساجد میر

بڑی سیاسی جماعتوں کی جلسیاں الیکشن نتائج کی طرف اشارہ کر رہی ہیں،سینیٹ الیکشن میں بد ترین بے اصولیوں نے بعض سیاسی جماعتوں کی رہی سہی ساکھ بھی تباہ کر ڈالی ہے،امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان

منگل 20 مارچ 2018 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2018ء) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتوں کی کامیابی کے امکانات جتنے 2018 کے الیکشن میں نظر آرہے ہیں ماضی میں کبھی نہیں تھے ، بڑی سیاسی جماعتوں کی جلسیاں الیکشن نتائج کی طرف اشارہ کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بد ترین بے اصولیوں نے بعض سیاسی جماعتوں کی رہی سہی ساکھ بھی تباہ کر ڈالی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز کراچی ائیر پورٹ پر اپنے استقبال کے لئے آئے ہوئے صوبائی رہنمائوں و ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مفتی یوسف قصوری ، مولانا ابراہیم طارق ، سید عامر نجیب ، محمد اشرف قریشی ، مولانا افضل سردار ، قاری خلیل الرحمن جاوید ، مولانا عبد الوھاب سیٹھار ، مولانا محب اللہ ، مولانا رحمت اللہ کاکڑ ، ایم مزمل صدیقی ، مفتی رفیق سلفی ، مولانا یوسف کاظم اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ساجد میر نے مزید کہا کہ متحدہ مجلس عمل میں اختلاف رائے معمول کی بات ہے کراچی کے اجلاس میں مستقبل کے حوالے سے تمام معاملات طے پاجائینگے ۔ ۔ انہوں نے کہا کہ شریک جماعتیں اس امر پر متفق ہیں کں کہ یہ اتحاد نہ صرف پاکستان کے استحکام کے لئے ضروری بلکہ یہ تمام جماعتوں کے اپنے مفاد میں بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس عمل سندھ کے عوام کے لئے بہترین آپشن ہے ، سندھ کے برسر اقتدار طبقے نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا ، عوام 2018 کے الیکشن میں نسلی ، لسانی اور فرقہ وارانہ سیاست کو اپنے ووٹ کے ذریعے مسترد کردیں ۔

سینیٹر ساجد میر نے کہا کہ مجلس عمل وطن عزیز کے استحکام کا ایجنڈہ لے کر میدان میں آئے گی ۔ پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہہ رگ ہے اس میں قیام امن پر وفاقی حکومت خراج تحسین کی مستحق ہے ، کراچی کے شہری اب سیاسی آزادی کی فضاء میں سانس لے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بد انتظامی کی وجہ سے شہری مسائل کا شکار ہیں صوبائی اور شہری حکومتیں شہریوں پر رحم کریں