سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ڈالر کا ریٹ 115 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشویش کا اظہار

ڈالر کی اونچی اڑان سے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا اور ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ مزید بڑھے گا ۔ حکومت ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے ، زاہد اللہ شنواری

منگل 20 مارچ 2018 22:20

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ڈالر کا ریٹ 115 روپے 50 پیسے کی بلند ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2018ء) سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر زاہداللہ شنواری نے انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 4 روپے 93 پیسے اضافہ کے بعد ڈالر کا ریٹ 115 روپے 50 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ڈالر کی اونچی اڑان سے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا اور ملک پر بیرونی قرضوں کا بوجھ مزید بڑھے گا ۔

حکومت ڈالر کی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے ۔انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سرحد چیمبر کے صدر زاہداللہ شنواری نے کہا کہ پاکستان پر بیرونی قرضوں کا حجم کم و بیس 89 ارب ڈالر ہے اور ڈالر کی قدر میں حالیہ ریکارڈ اضافہ کے باعث صرف ایک روز میں قرضوں کا حجم 800 ارب روپے تک سے بڑھ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافہ کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر دبائو کا شکار ہیں اور بیرونی قرض اور دیگر ادائیگیوں پر ہفتہ وار 20 سے 25 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرنی پڑ رہی ہے ۔زاہداللہ شنواری نے کہاکہ پاکستانی معیشت کا دارومدار زیادہ تر امپورٹ پر ہے اور مینو فیکچرنگ کے شعبے میں تمام خام مال بیرون ممالک سے امپورٹ کیا جاتا ہے جس سے کاروباری لاگت میں اضافہ ہوگا اور ایکسپورٹ کاعمل متاثر ہونے سے پاکستان دیگر ممالک کی مارکیٹس کھو دے گا ۔

انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک گذشتہ کئی مہینوں سے پاکستان پر دبائو ڈال رہے ہیں کہ پاکستانی روپے کی قدر کم کرکے ڈالر کی شرح مبادلہ کو حقیقت پسندانہ بنایا جائے اور اسے 115 روپے کے لگ بھگ مقرر کیا جائے ۔ انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ڈالرکی قدر میں کمی اور روپے کی قدر میں اضافے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں بصورت دیگر پاکستانی معیشت مزید تباہی کے دہانے پہنچ جائے گی اور صنعت و تجارت کا شعبہ متاثر ہونے سے سمیت ملک میں مہنگائی کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسلہ شروع ہوجائے گا جس کی وجہ سے حکومت اور عوام کیلئے مشکلات بڑھیں گی

متعلقہ عنوان :