ن لیگی میڈیا سیل ملازمین کو سرکاری خرچ سے تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ

فواد چوہدری کا سیکرٹری اطلاعات کو خط،معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ

منگل 20 مارچ 2018 22:10

ن لیگی میڈیا سیل ملازمین کو سرکاری خرچ سے تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2018ء)تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے حکومتی جماعت کے میڈیا سیل ملازمین کو سرکاری خرچ سے تنخواہوں کی ادائیگی پر سیکرٹری اطلاعات کو سوالات پر مبنی خط لکھ دیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ کس کھاتے سے میڈیا سیل کے ملازمین کو تنخواہوں دی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے منگل کے روز سیکرٹری اطلاعات کو خط لکھا ہے کہ مریم نواز کی سربراہی میں حکومتی جماعت کا میڈیا سیل متحرک ہے،جس کے ملازمین پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور پی ٹی وی کے پے رول پر ہیں۔

خط میں کہا گیا ہے کہ مریم نواز کی سیکرٹری بیرون ملک منتقلی کے باوجود تنخواہ لیتی ہیں۔خط میں سیکرٹری اطلاعات سے سوال کیا گیا ہے کہ بتایا جائے کہ کیا یہ درست ہے کہ نعمان کائنات اور معظم پی ٹی وی کے پے رول پر ہیں اور قاسم نامی شخص کو پی آئی ڈی سے تنخواہ دی جاتی ہے۔فواد چوہدری نے خط میں سیکرٹری اطلاعات سے گزارش کی ہے کہ آرٹیکل 19کے تحت شہریوں کو معلومات تک رسائی کا حق حاصل ہے،اس لئے قانون کے تحت دستیاب مدت میں معلومات فراہم کی جائیں۔