شیخ رشید نا اہلی کیس:سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا

غلطی کو سختی سے نمٹا تو شیخ رشید آئوٹ ہو جائیں گے، جسٹس عظمت سعید پانامہ کیس لندن فلیٹ کا تھا نااہلی اقامہ پر ہوئی، شیخ رشید نے اثاثوں میں غلطی کی ہے تو بات پانامہ کیس پر آکر ہی رکے گی، جسٹس فائز عیسیٰ کے ریمارکس

منگل 20 مارچ 2018 22:10

شیخ رشید نا اہلی کیس:سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2018ء) سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی نااہلی کے لئے دائرمسلم لیگ ن کے رہنما شکیل اعوان کی درخواست پرفیصلہ محفوظ کرلیا جبکہ دوران سماعت جسٹس شیخ عظمت سعید نے ریمارکس دیئے ہیں کہ غلطی کوسختی سے نمٹا گیا تو شیخ رشید آئوٹ ہوجائیں گے ، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کا کہنا تھا کہ پانامہ کیس لندن فلیٹ کا تھا نااہلی اقامہ پر ہوئی، اگر شیخ رشید نے اثاثے ظاہر کرنے میں غلطی کی ہے تو بات پانامہ کیس پر آکر ہی رکے گی۔

(جاری ہے)

منگل کے روز جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شیخ رشید کی نااہلی کے لئے دائر درخواست کی سماعت کی دوران سماعت شکیل اعوان کے وکیل دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے،غلط اثاثے بتانے کا شیخ رشید نے اپنے بیان حلفی میں تسلیم بھی کیا ہے،جس پر جسٹس قاضی فائز عیسی نے ریمارکس دیئے کہ بیان حلفی میں شیخ رشید نے کہا اثاثے چھپائے،پانامہ کیس میں کہاں اصول طے ہوا کہ درخواست گزارکے مطابق غلطی کوئی بھی ہو نااہلی ہونی چاہیے، کچھ غلطیوں پر نااہلی ہوتی ہے کچھ پر نہیں،بعض مقدمات میں نیت بھی دیکھنی پڑتی ہے،جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا پانامہ کیس میں کسی نے غلطی تسلیم کی تھی غلطی کوسختی سے نمٹا گیا تو شیخ رشید آوٹ ہو جائیں گے،شکیل اعوان کے وکیل نے کہا کہ کیس ٹیکس ادائیگی کا نہیں اثاثے چھپانے کا ہے،قانون کے مطابق تمام اثاثے ظاہر کرنا لازم ہیں،غلط کاغذات نامزدگی پر نئی مثال پانامہ کیس ہے،دوران سماعت جسٹس فائزعیسی نے کہا کہ پاکستان میں الیکشن لڑنا مشکل ہو چکا ہے،کاغذات نامزدگی بھرنا ہی مشکل کام ہے،عدالت نے دلائل مکمل ہونے پرکیس کافیصلہ محفوظ کرلیا۔