ایف بی آر معیشت کو نقصان سے بچانے کیلئے بلڈرز اور ڈیولپرز کو ہراساں کرنا بند کرے ، شیخ عامر وحید

تعمیراتی صنعت زراعت کے بعد ملک میں سب سے زیادہ روزگار پیدا کرنے والی صنعت ہے جبکہ سو سے زائد دیگر صنعتوں کی ترقی تعمیراتی صنعت سے وابستہ ہے، صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

منگل 20 مارچ 2018 21:55

ایف بی آر معیشت کو نقصان سے بچانے کیلئے بلڈرز اور ڈیولپرز کو ہراساں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2018ء) اسلام آبادچیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایف بی آر کی جانب سے بلڈرز اور ڈیوپلرز کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی آڑ میں ایف بی آر حکام نے تعمیراتی منصوبوں میں دکانیں اور فلیٹ خریدنے والوں کی تفصیلات مانگنے کیلئے بلڈرز اور ڈیولپرز کو نوٹس جاری کئے ہیں جس کا مقصد صرف بلڈرز اور ڈیولپرز کوہراساں کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیراتی صنعت زراعت کے بعد ملک میں سب سے زیادہ روزگار پیدا کرنے والی صنعت ہے جبکہ سو سے زائد دیگر صنعتوں کی ترقی تعمیراتی صنعت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بہتر معاشی ترقی کیلئے تعمیراتی صنعت کو مراعات فراہم کی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں اس کے برعکس اس صنعت سے وابستہ کاروباری حضرات کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جائیدادوں کی منتقلی کے وقت تمام تفصیلات ایف بی آر کو مہیا کی جاتی ہیںجبکہ بلڈرز اور ڈیولپرز سے جائیدادوں کی لیز اور رجسٹریشن کی مد میں گین ٹیکس اور ایڈوانس ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الاٹیز کی تفصیلات مانگنا تعمیراتی صنعت کے خلاف ایک سازش کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے ان حربوں سے سرمایہ کار رئیل اسٹیٹ شعبے میں صرف خرید و فروخت تک محدود ہو کر رہ جائیں گے جس کے نتیجے میں تعمیراتی صنعت تباہی کی طرف بڑھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ جائیدادوں کی قدر کے تہرے نظام اور ایف بی آر کی ایسی پالیسیوں کی وجہ سے بلڈرز اور ڈیولپرز پہلے ہی ذہنی اذیت کا شکار ہیں اور اب ایف بی آر نے انہیں مزید ہراساں کرنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ایف بی آر کے ان اقدامات کی وجہ سے بلڈرز اور ڈیولپرز اپنا سرمایہ باہر منتقل کر نے پر مجبور ہو جائیں گے جبکہ رئیل اسٹیٹ شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی بھی حوصلہ شکنی ہو گی جس سے معیشت مزید کمزور ہو گی۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن ناقص ٹیکس نظام اور ایف بی آر کی جانب سے سرمایہ کاروں کو ہراساں کرنے کے اقدامات کی وجہ سے ملک میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری سبوتاز ہو رہی ہے جس سے قومی خزانے کو نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینکڑوں صنعتوں کی ترقی صنعتی شعبے کی ترقی سے منسلک ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آر اس مسئلے پر سنجیدگی سے غور کرے اور بلڈرز و ڈیولپرز کو ہراساں کرنے کے اقدامات سے گریز کرے تا کہ پاکستان کا رئیل اسٹیٹ شعبہ بہتر ترقی کر کے معیشت کو مضبوط کرنے میں اپنا مفید کردار ادا کر سکے۔ ۔

متعلقہ عنوان :