انویسٹی گیشن پولیس تھانہ ہنجر وال نے بین الاضلاعی عدنان عرف دانی ڈکیت گینگ کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا

ملزمان کے قبضہ سے کرولاکار،11موبائل فونز،50 لاکھ روپے نقدی اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا،متعدد وارداتوں کا اعتراف

منگل 20 مارچ 2018 20:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) انویسٹی گیشن پولیس برکی نے ڈکیتی ،راہزنی اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث بین الاضلاعی ڈکیتی گروہ کے دو ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی ہدایات کی روشنی میں لاہور پولیس کی سپیشل ٹیمیں ڈاکوئوں اور اہزنوں کے خلاف دن رات سر گرم عمل ہیں۔

ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے انچارج انویسٹی گیشن برکی انسپکٹر طارق ظفر اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل جو پولیس ٹیم تشکیل دی۔ اس نے ڈکیتی، راہزنی اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث عدنان عرف دانی ڈکیت گینگ کے سر غنہ عدنان عرف دانی اور اس کے ساتھی غلام رسول عرف پھلو کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ کرولاگرینڈی کار،11موبائل فونز،50لاکھ روپے نقدی، 5موٹرسائیکلیں،طلائی زیورات اور ناجائزاسلحہ برآمد کر لیاہے۔

(جاری ہے)

ابتدائی تفتیش کے دوران ملزموں نے برکی ،فیکٹری ایریاء ،ہڈیارہ،ہیر اور قصور،پتوکی ،اوکاڑہ کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی ، راہزنی اور نقب زنی کی 12مزید وارداتوں کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف مذکورہ تھانوں میں ڈکیتی اور راہزنی کے متعدد مقدمات بھی ٹریس ہوئے ہیں۔ ملزمان اپنے طریقہ وارادت میں شہر کے مختلف علاقوں میں گھومتے رہتے اور موقع ملتے ہیں گن پوائنٹ پر شہریوں سے نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ ایس پی کینٹ انویسٹی گیشن ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے ڈکیتی، راہزنی اور نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :