Live Updates

عمران خان کاگوجرانوالہ میں تاریخی استقبال ہوگا، سارے ریکارڈ توڑدیں گے‘ عبدالعلیم خان

کامونکی ، ایمن آباد موڑ، چند داقلعہ، شیخوپورہ موڑ، لاری اڈا، گلشن اقبال پارک، علی پورچوک اور لدھے والا تیاریاں مکمل

منگل 20 مارچ 2018 20:04

عمران خان کاگوجرانوالہ میں تاریخی استقبال ہوگا، سارے ریکارڈ توڑدیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 مارچ2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے 21مارچ کے دورہ گوجرانوالہ کی تیاریوں کوحتمی شکل دے دی گئی اُن کا گوجرانوالہ شہر میں 9مقامات پر تاریخی استقبال ہوگا اور سارے سابقہ ریکارڈ توڑدئیے جائیں گے ۔ پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے بتایا کہ پارٹی کارکن انتہائی پُرجوش ہیں اور وہ اپنے قائد کا والہانہ استقبال کرکے ثابت کرینگے کہ سارے پنجاب کی طرح گوجرانوالہ کی بھی سیاسی فضا بدل چکی ہے اًب ملک گیر تبدیلی کو کوئی نہیں روک سکتا۔

عبدالعلیم خان نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں کامونکی سے شروع ہونے والا استقبال ایمن آباد موڑ، چند داقلعہ، شیخوپورہ موڑ، لاری اڈا، گلشن اقبال پارک ، علی پورچوک، لدھے والا اور لدھے والا چوک پر اختتام پذیر ہوگاجہاں عمران خان پارٹی ممبرشپ کیمپوں کا دورہ اور کارکنوں سے خطاب کرینگے۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ اًب عوام ووٹ کی طاقت سے کرپشن کوہمیشہ ہمیشہ کے لئے خیرآباد کہہ دینگے ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کی سیاست پر سیاہ داغ بن چکے ہیں،عدالتوں کیخلاف ہرزہ سرائی سے کرپشن کیسز ختم نہیں ہوجائیں گے،دامن صاف ہوتا تو دوسروں پر الزامات لگانے کے بجائے منی ٹریل پیش کردیتے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا جان چکی ہے کہ شریفوں نے اپنے ہر دور اقتدار میں شرافت کا جنازہ نکالا اور کرپشن زدہ منصوبوں سے عوام کو مشکلات میں ڈالا ،جو، اب ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کا ڈرامہ رچاکر مظلوم بننے کی ناکام کوشش کررہے ہیں،عدالتوں میں کسی ایک الزام کا بھی جواب نہ دے پانے والوں کا ماضی اور حال کسی سے ڈھکا چھپا نہیں،بھول جائیں کہ عوام ایک بار پھر ان کے جھوٹے وعدوں اور بے سروپا دعوؤں کا اعتبار کرینگے،عبدالعلیم خان نے کہا کہ عدالت میں ہر پیشی کے بعد اداروں کیخلاف محاذ کھول کر اپنی بے گناہی ثابت کرنے کی کوشش کرنے والے بتائیں، میگا پراجیکٹس میں اربوں کی کمائی کرنے والوں نے عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور مسائل کے سوا دیا کیا ہے،قرضوں کے بوجھ تلے دبی معیشت، ناکافی طبی اور تعلیمی سہولیات کے تحفے دینے کے بعد بھی اگلی باری کا انتظار کرنے والے احمقوں میں جنت میں رہتے ہیں،بین الاقوامی برادری میں پاکستان اور منڈیوں میں روپے کی قدر گرانے والوں کا سیاسی مستقبل تاریک ہوچکا۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملک کو چند خاندانوں کے مفادات کی غلامی سے نجات دلانے کا وقت آچکا،محکوم اور پسے ہوئے طبقات پی ٹی آئی سے امیدیں وابستہ کئے ہوئے ہیں، انشاء اللہ اقتدار میں آکر عمران خان کی قیادت میں قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرینگے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات